ہندوستان میں ہونے والے ماسٹرز کرکٹ ورلڈ کپ سے پاکستان دستبردار، حکومت نے دورے کی اجازت نہیں دی

نئی دہلی: ہندوستان میں آئندہ جنوری میں منعقد ہونے والے انٹرنیشنل ماسٹرز کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کی ٹیم شرکت نہیں کرے گی۔ پاکستان ویٹرنس کرکٹ اسوسی ایشن (پی وی سی اے) نے ٹورنامنٹ کے منتظمین کو اس فیصلے سے مطلع کردیا ہے۔ پی وی سی اے کے سربراہ فواد اعجاز کے مطابق، ہندوستان نے پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری کرنے اور اعلیٰ سطح کی اضافی سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، تاہم پاکستان کی حکومت نے ٹیم کو ہندوستان کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں دی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سلسلے میں وزارت خارجہ سے اجازت طلب کی تھی، لیکن وزیر خارجہ اور پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے اجازت نہ دینے کی تصدیق کی۔ یہ 50 اوورز کا ٹورنامنٹ ہے جو ہر دو سال میں منعقد ہوتا ہے۔ گزشتہ سال اس کی میزبانی سری لنکا نے کی تھی، جبکہ اس مرتبہ ہندوستان میزبان ہے۔ پاکستان کی عدم شرکت کے پیش نظر منتظمین سے اس کی جگہ کسی دوسری ٹیم کو شامل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
دوسری جانب، پاکستان ہاکی ٹیم نے بھی ہندوستان میں ہونے والی ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 27 اکتوبر سے شروع ہونا ہے، جس میں پاکستان کی جگہ بنگلہ دیش کو شامل کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرکٹ مقابلوں کا انعقاد بدستور غیر یقینی ہے اور دونوں ٹیمیں فی الحال صرف غیر جانب دار مقامات پر ایک دوسرے کے خلاف کھیل رہی ہیں۔



