نیشنل

عدلیہ پر سے اعتماد ختم ہوتو  جمہوریت کی بقا کو خطرہ لاحق ہو جائے گا : چیف جسٹس سپریم کورٹ

حیدرآباد _ 20 اگست ( اردولیکس) سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس این وی رمنا نے کہا کہ عدلیہ پر سے اعتماد ختم ہوتو  جمہوریت کی بقا کو خطرہ لاحق ہو جائے گا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانونی نظام کے تحفظ کے  پروگراموں میں حکومتوں کی شراکت ضروری ہے۔ چیف جسٹس نے  آندھرا پردیش کے وجے واڑہ میں نئی ​​عدالتوں کے کمپلیکس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وکلاء کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام لوگوں کو جلد انصاف فراہم کریں۔

اس تقریب میں چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی، اے پی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس پرشانت کمار مشرا اوردیگر ججس نے بھی شرکت کی۔اس نوتعمیر شدہ کامپلکس میں 6فلورس کا کام مکمل ہوگیا ہے۔ نئے کورٹ کامپلکس میں 29عدالتیں کام کریں گی۔اس کامپلکس کی تعمیر پر100کروڑ روپئے صرف کئے گئے ہیں۔ جسٹس این وی رمنا کا وجئے واڑہ کی عدالت سے کافی گہرا تعلق ہے کیونکہ انہوں نے یہاں سے اپنے قانون کے کیریئر کا آغاز کیا۔

 

بعد ازاں چیف جسٹس رمنا اور چیف منسٹر جگن نے کورٹ کمپلیکس کے احاطے میں پودا لگایا۔بعد ازاں جسٹس رمنا نے آچاریہ ناگرجنا یونیورسٹی میں گریجویشن تقریب میں مہمان خصوصی کے طورپر شرکت کی اور یونیورسٹی کی طرف سے دی گئی ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ گورنر وشو بھوشن ہری چندن، ر یاستی وزیر بوتسا ستیہ نارائنا، یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر پتیٹی راج شیکھر اور دیگر اس پروگرام میں شریک تھے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button