آندھراپردیش میں دو علحیدہ حادثات میں 7 افراد ہلاک
آندھرا پردیش میں پیش آئے دو علحیدہ حادثات میں 7 افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔ اننت پورم ضلع میں اتوار کی صبح ایک المناک حادثہ پیش آیا جہاں ودپناکلو علاقے میں ایک کار درخت سے ٹکرا گئی
جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری اسپتال منتقل کیا۔ حادثے میں مرنے والوں کی شناخت ابھی تک معلوم نہیں ہوئی۔
اسی طرح، وجیانگرم ضلع کے بھوگاپورم منڈل کے پولیپلی گاؤں کے قریب قومی شاہراہ پر ایک اور شدید حادثہ پیش آیا۔ سری کاکولم ضلع سے تعلق رکھنے والے چار افراد اس حادثے میں ہلاک ہوگئے۔
کار کا ٹائر پنکچر ہونے کے بعد گاڑی ڈیوائیڈر کو عبور کرکے مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔حادثے میں مرنے والوں کی شناخت گویڈی وینکٹ رمناؤ کاوشک (27)، موڈی جیش (20)، وڈی منی بالا (24)، اور وڈی ابھی نو (27) کے طور پر ہوئی۔
چاروں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ حادثے میں ٹرک ڈرائیور کو شدید چوٹیں آئیں، اور اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔