مسلم خاندان کے 4 افراد ٹرین کی ٹکر سے جاں بحق – حادثہ یا خودکشی ؛ پولیس مصروف تحقیقات
آندھرا پردیش کے ضلع ایلورو میں چیبرولو ریلوے اسٹیشن کے قریب ہفتہ کی شب پیش آئے دلخراش حادثے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے۔
ریلوے حکام کے مطابق رات تقریباً 9 بجے یہ خاندان ریلوے ٹریک عبور کر رہا تھا کہ وشاکھاپٹنم کی جانب جانے والی ایک خصوصی ٹرین نے انہیں زور دار ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں چاروں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
مہلوکین کی شناخت تاڈی پلی گوڑم کے رہائشی شیخ چاند باشا (50)، ان کی اہلیہ شیخ حسینہ (45)، اور بیٹیاں شیخ شرمیلا (23) اور شیخ میرا (20) کے طور پر ہوئی ہے۔ شرمیلا ایم بی اے کی طالبہ تھیں، جبکہ چاند باشا اور حسینہ تاڈی پلی گوڑم میں ایک آپٹیکل شاپ چلا کر گزر بسر کرتے تھے۔
مقامی افراد کے مطابق یہ خاندان گزشتہ کچھ عرصے سے شدید مالی مشکلات کا شکار تھا۔ ہفتہ کی شام بھی خاندان کے تمام افراد دو موٹر سائیکلوں پر گھر سے نکلے تھے، جس کے چند گھنٹوں بعد یہ المناک واقعہ پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ آیا یہ محض حادثہ تھا یا انھوں نے اجتماعی خودکشی کرلی.اس کا ابھی تعین نہیں ہو سکا ہے۔ ریلوے پولیس نے مقدمہ درج کرکے تمام پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں



