جرائم و حادثات

تلنگانہ کے کوداڑ بائی پاس پر خوفناک حادثہ – مقامی افراد کی بروقت مدد سے ایک ہی خاندان کے 5افراد کی جان بچ گئی

کوداڈ بائی پاس پر خوفناک حادثہ، مقامی افراد کی بروقت مدد سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی جان بچ گئی

 

تلنگانہ کے سوریاپیٹ ضلع کے کوداڈ بائی پاس پر اتوار کی صبح ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ تیز رفتار ماروتی سوئفٹ ڈیزائر کار بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے زور دار ٹکرانے کے بعد کئی بار الٹ گئی۔ حادثہ کے فوراً بعد مقامی افراد نے غیر معمولی حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کار میں پھنسے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا، جس سے ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔

 

پولیس کے مطابق وجئے واڑہ سے تعلق رکھنے والا ایک خاندان یادگیری گٹہ کے شری لکشمی نرسمہا سوامی مندر کے درشن کے لئے جا رہا تھا۔ کوداڈ بائی پاس پر پہنچتے ہی ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا، جس کے نتیجہ میں کار ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر کئی بار الٹتی ہوئی سڑک کنارے جا رکی۔

 

مقامی افراد نے بغیر وقت ضائع کئے کار میں پھنسے تمام پانچ افراد کو باہر نکال لیا۔ انہیں نکالنے کے چند ہی لمحوں بعد کار میں سی این جی گیس لیک ہونے سے اچانک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری گاڑی جل کر خاک ہوگئی، جس سے علاقے میں کچھ دیر کے لئے خوف و ہراس پھیل گیا۔

 

حادثہ میں ایک شخص معمولی زخمی ہوا، جسے فوری طور پر کوداڈ کے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جبکہ دیگر چار افراد محفوظ رہے۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا اور آگ پر قابو پالیا۔ بعد ازاں پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر مقدمہ درج کرتے ہوئے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دیں۔

 

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اگر مقامی افراد بروقت مدد نہ کرتے تو یہ حادثہ ایک بڑے المیہ میں تبدیل ہو سکتا تھا۔ ان کی بہادری اور فوری کارروائی نے پانچ قیمتی جانیں بچا لیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button