جرائم و حادثات

حیدراباد میں 50 گز پر زیرِ تعمیر 7 منزلہ عمارت اچانک منہدم، 2 مزدور ہلاک

 

حیدرآباد کے گچی باؤلی کے انجیا نگر میں زیرِ تعمیر سات منزلہ عمارت اچانک منہدم ہوگئی۔ حادثہ میں 2 مزدور ہلاک ہوگئے۔ ریسکیو عملے نے ملبے سے دونوں کی نعشیں نکال لیں۔

 

ہلاک ہونے والوں کی شناخت مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے ٹائلز مزدوروں 34 سالہ امیش کارے اور 42 سالہ موپت کے طور پر کی گئی ہے۔

 

یہ عمارت نالے کے قریب تقریباً 50 گز اراضی پر تعمیر کی گئی تھی اور تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد اسے کرائے پر دینے کی تیاری تھی۔ دوپہر تقریباً ایک بجے اچانک عمارت منہدم ہوگئی۔ ملبہ قریب واقع ایک اور اپارٹمنٹ پر گرنے سے اسے بھی جزوی نقصان پہنچا، جبکہ وہاں موجود دو ضعیف افراد زخمی ہوگئے۔

 

اپارٹمنٹ کی دیواریں منہدم ہونے کے بعد رہائشی باہر نکل آئے۔ قریب ہی واقع ہاسٹل کے طلبہ بھی خوف کے مارے باہر بھاگ نکلے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر سروس، ایمرجنسی ریسپانس فورس اور جی ایچ ایم سی کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ملبے میں مزید افراد کے پھنسے ہونے کے شبہ میں امدادی کارروائیاں تیز کردیں۔

 

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر حادثہ شام کے وقت پیش آتا تو جانی نقصان کہیں زیادہ ہوسکتا تھا۔ موقع کا حیدرآباد کے ہائیڈرا کمشنر رنگناتھ، رکن اسمبلی اریکاپوڈی گاندھی اور جی ایچ ایم سی کمشنر سِرجنا نے معائنہ کیا۔

 

مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا کہ جی ایچ ایم سی کے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر اجازت عمارت تعمیر کی گئی اور تعمیر کے دوران معیار کو نظرانداز کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ناقص معیار اور کم وقت میں تعمیر کی وجہ سے عمارت تاش کے پتوں کی طرح منہدم ہوگئی۔

 

دوسری جانب پولیس مبینہ طور پر عمارت تعمیر کرنے والے بلڈر ساجد کی تلاش کر رہی ہے۔

Oplus_131072

متعلقہ خبریں

Back to top button