ممبئی کی خاتون بائیکر سڑک حادثہ میں ہلاک
ممبئی کی 24 سالہ خاتون بائیکر رِدھی ٹھکر کی چھتیس گڑھ کے دھمتری ضلع میں سڑک حادثے میں موت ہوگئی۔ یہ حادثہ بدھ کی صبح نیشنل ہائی وے-30 پر مارکاٹولا گھاٹ کے قریب پیش آیا، جہاں مخالف سمت سے آنے والے ٹریلر ٹرک نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔
رِدھی ٹھکر ممبئی کے کاندیولی ویسٹ کی رہنے والی تھیں اور خواتین بائیکرز کے ایک گروپ کے ساتھ ممبئی سے بستر کے سفر پر نکلی تھیں۔ حادثے کے بعد 112 پر اطلاع دی گئی۔ انہیں پہلے چاراما کے ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا، تاہم حالت بگڑنے پر دھمتری کے ایک نجی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کی۔
رِدھی سوشل میڈیا پر موٹر سائیکلنگ، سفر اور روڈ لائف سے متعلق مواد شیئر کرتی تھیں۔ انسٹاگرام پر @gearglimpse54 کے نام سے ان کے تقریباً 20 ہزار فالوورز تھے اور حادثے سے چند گھنٹے قبل بھی انہوں نے پوسٹ شیئر کی تھی۔
وہ Ridewithridz نامی یوٹیوب چینل بھی چلاتی تھیں، جہاں موٹر سائیکلوں، ہیلمٹس، رائیڈنگ گیئر، بائیک ایکسیسریز اور دیگر سامان کے ریویوز کے ساتھ موٹو ولاگز اور روڈ ٹرپس کی ویڈیوز اپ لوڈ کرتی تھیں۔ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے وہ خواتین کو موٹر سائیکل چلانے کی ترغیب دیتی اور موٹر سائیکلنگ سے جڑے غلط تصورات کو توڑنے کا پیغام دیتی تھیں۔



