جرائم و حادثات
خاتون ہیڈ کانسٹیبل کا سر عام قتل

نئی دہلی ۔تامل ناڈو کے ضلع ویلور کے شہر گُڈیا تھم میں جمعرات کی رات ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون ہیڈ کانسٹیبل تامرئی سیلوی کا اس کے شوہر نے سر عام قتل کر دیا۔
تامرئی سیلوی ڈیوٹی ختم کر کے بائیک پر اپنے گھر جا رہی تھیں کہ ان کے شوہر اروند نے خنجر سے حملہ کر کے انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا۔ حملے کے فوراً بعد اروند وہاں سے فرار ہو گیا۔ قاتلانہ حملہ کے دوران دونوں کے درمیان ہونے والے جھگڑے میں اروند کے سینے پر بھی کچھ زخم آئے جس کے بعد وہ بھی ہاسپٹل پہنچا۔
اروند پیشے سے آٹو ڈرائیور ہے اور معلوم ہوا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان کچھ عرصہ اختلافات چل رہے تھے۔ فی الوقت پولیس ہاسپٹل میں ہی اروند سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ اس جوڑے کو دو بچے بتائے گئے ہیں۔ پولیس نے معاملہ درج کر کے تمام زاویوں سے تحقیقات شروع کر دی ہے۔



