جرائم و حادثات
سیلفی کا شوق دو دوستوں کی جان لے گیا – تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع میں افسوسناک واقعہ
سنگاریڈی ضلع کے کونڈاپور منڈل میں اتوار کو ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں سیلفی لینے کے شوق نے دو نوجوان دوستوں کی جان لے لی۔ پولیس کے مطابق سنگاریڈی کے تارا گورنمنٹ ڈگری کالج کے پانچ دوست کونڈاپور منڈل کے ملکاپور بڑے تالاب پر سیلفیاں لینے گئے تھے۔
اسی دوران چند نوجوان تالاب میں اتر کر نہاتے ہوئے سیلفیاں لے رہے تھے کہ جوگی پیٹ کے رہنے والے 17 سالہ ستیش اور جھراسنگم کے 19 سالہ پرشانت گہرے پانی میں ڈوب گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد، ان کے ساتھی اور پولیس موقع پر پہنچ گئے۔ غوطہ خوروں نے کافی تلاش کے بعد دونوں نوجوانوں کی نعشیں تالاب سے باہر نکال لیں۔
ایس آئی سومیشوری نے بتایا کہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔




