میں 8 لوگوں کے ساتھ کمرے میں رہتا تھا،زمین پر بھی سونا پڑتا تھا: امیتابھ بچن

ممبئی: بالی ووڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن ایک زمانہ میں ریاست مغربی بنگال کے کولکتہ میں کام کے دوران 8 افراد کے ساتھ ایک کمرے میں رہا کرتے تھے۔اس بات کا انکشاف خود انھوں نے کیا ہے۔امیتابھ بچن ان دنوں سونی انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن کے علم پر مبنی گیم شو کون بنے گا کروڑ پتی (کے بی سی) سیزن 16 کو ہوسٹ کر رہے ہیں۔
کے بی سی کے حالیہ ایپی سوڈ میں ایک کنٹسٹنٹ نے امیتابھ کو بتایا کہ وہ پونے میں آٹھ لوگوں کے ساتھ ایک کمرے میں رہتا ہے۔ امیتابھ بچن نے بتایا کہ وہ یہ سن کر حیران نہیں ہوئے کیونکہ وہ خود بھی آٹھ لوگوں کے ساتھ رہاکرتے تھے۔بگ بی نے کہا آٹھ لوگ ایک کمرے میں؟ آٹھ سے ہمیں زیادہ حیرانی نہیں ہوئی۔ ہم اپنے کالج سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد ملازمت کی تلاش میں نکلے تو کولکتہ گئے۔
کسی طرح مجھے وہاں 400 روپے ماہانہ پر نوکری مل گئی۔جہاں ہم ٹھہرے ہوئے تھے وہاں ایک کمرے میں آٹھ لوگ تھے اوربہت مزہ آتا تھا۔ ہم لوگ آٹھ تھے اورپلنگ دو۔ زمین پر سونا پڑتا تھا۔ آپس میں خوش رہتے تھے۔