2 بسوں میں تصادم 63 مسافر بال بال بچ گئے،کیبن مین پھنسے ڈرائیور کو 2 گھنٹوں کی جد و جہد کے بعد نکالا گیا۔تلنگانہ کے سوریہ پیٹ میں خوفناک حادثہ

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ سوریہ پیٹ ضلع کے منمگالا منڈل کے آکو پامولا کے قریب قومی شاہراہ نمبر 65 پر دو بسوں کے درمیان تصادم کا واقعہ پیش آیا تاہم خوش قسمتی سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔
حادثے میں تین مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں جبکہ دیگر تمام مسافر محفوظ رہے۔ معمولی زخموں کے ساتھ مسافروں کے بچ جانے پر حکام اور مسافروں نے راحت کی سانس لی۔پولیس کے مطابق نرسا پور سے حیدرآباد جانے والی شری کرشنا ٹراویلس کی پرائیویٹ بس کو ایلور سے حیدرآباد جانے والی اے پی ایس آر ٹی سی سپر لگژری بس نے پیچھے سے زور دار ٹکر مار دی۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ اے پی ایس آر ٹی سی بس کا ڈرائیور کیبن میں پھنس گیا۔ اطلاع ملتے ہی منگالا ایس آئی سنجیو ریڈی کی قیادت میں پولیس، این ایچ-65 کا عملہ اور فائر بریگیڈ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ ڈرائیور کو بحفاظت باہر نکالنے کے لیے تقریباً دو گھنٹے تک امدادی کارروائیاں جاری رہیں جس کے بعد اسے بحفاظت نکال لیا گیا۔
حادثے کے دوران اے پی ایس آر ٹی سی کی سپر لگژری بس سڑک سے نیچے اتر گئی اور قریب موجود ایک کلورٹ اور درخت سے ٹکرا گئی۔ ٹکر کے بعد بس مزید آگے نہیں بڑھ سکی اور وہیں رک گئی۔ پولیس کے مطابق کلورٹ اور درخت سے ٹکرانے کی وجہ سے بس مزید آگے جانے سے رک گئی جس کے نتیجے میں ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر بس مزید آگے چلی جاتی تو صورتحال انتہائی سنگین ہوسکتی تھی۔پولیس نے بتایا کہ حادثے کے وقت شری کرشنا ٹراویلس کی بس میں 31 جبکہ اے پی ایس آر ٹی سی کی سپر لگژری بس میں 32 مسافر سوار تھے۔ دونوں بسوں میں مجموعی طور پر 63 مسافر موجود تھے۔
خوش قسمتی سے حادثے میں کسی کی جان نہیں گئی۔ تین افراد کو معمولی چوٹیں آئیں، جبکہ باقی تمام مسافر محفوظ رہے۔حادثے کے باعث کچھ دیر کے لیے نیشنل ہائی وے پر ٹریفک میں خلل پیدا ہوا۔ مسافروں کو مزید پریشانی سے بچانے کے لیے پولیس نے پیچھے سے آنے والی بسوں کو روک کر
حادثے کا شکار بسوں کے مسافروں کو ان بسوں میں منتقل کیا اور انہیں ان کی منزلوں کی جانب روانہ کردیا۔



