تلنگانہ کے کچھ اضلاع میں بارش کی پیش قیاسی۔ ایلو الرٹ جاری

حیدرآباد: تلنگانہ میں گزشتہ چند دنوں سے بارش نہ ہونے کے باعث عوام کو شدید گرمی اور بدلتے موسم کی کیفیت کا سامنا ہے۔ بارش کے بعد موسم میں اچانک خنکی محسوس ہوتی ہے اس کے بعد درجۂ حرارت میں دوبارہ اضافہ ہونے لگتا ہے جس سے لوگوں کو موسمی تبدیلیوں کے باعث پریشانی کا سامنا ہے۔
اسی دوران خلیجِ بنگال میں بننے والے ہوا کے کم دباؤ کے زیرِ اثر آج تلنگانہ کے کئی علاقوں میں بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ حیدرآباد محکمۂ موسمیات کے مطابق سدی پیٹ، کریم نگر، ہنمکنڈہ، جنگاؤں، ورنگل، محبوب آباد، کھمم اور بھدرا دری کوتہ گوڑم اضلاع میں ہلکی سے اوسط بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے مذکورہ اضلاع کے لیے ایلو الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔ پیش قیاسی کے مطابق بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جبکہ تقریباً 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمۂ موسمیات کی اس پیش قیاسی کے بعد گزشتہ کئی دنوں سے بارش کے منتظر عوام کو موسم میں بہتری اور گرمی سے راحت ملنے کی امید پیدا ہوئی ہے۔
حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ خراب موسمی حالات کے دوران انتہائی ضرورت کے بغیر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کیا جائے۔ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے دوران کھلے مقامات، درختوں اور برقی کے کھمبوں کے قریب جانے سے بھی احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔



