جرائم و حادثات

عمر 84 سال، مقدمہ 33 سال پرانا – آخرکار عدالت نے بزرگ شخص کو اقدام قتل کا مجرم قرار دیا

پٹنہ : بہار کے ضلع ویشالی میں 33 سال پرانے اقدامِ قتل کے ایک مقدمہ میں 84 سالہ شخص کو عدالت نے مجرم قرار دے دیا، جس کے ساتھ ہی طویل قانونی جنگ اپنے اختتام کے قریب پہنچ گئی ہے۔

 

رپورٹ کے مطابق یہ مقدمہ 10 نومبر 1992 کا ہے، جب راگھو پور گاؤں میں ایک تنازع پیدا ہوا تھا۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق دیپ رائے اپنے گھر والوں اور مسلح ساتھیوں کے ساتھ عدالت رائے اور ان کی اہلیہ رام شاکھی دیوی کے گھر کے قریب راستے پر ٹوٹا ہوا شیشہ بچھا رہا تھا۔ مخالفت کرنے پر مبینہ طور پر دونوں میاں بیوی پر حملہ کیا گیا۔

 

پولیس نے 13 مارچ 1993 کو ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی، جبکہ جون 1999 میں عدالت نے فردِ جرم عائد کی۔ مقدمہ کی سماعت کئی برسوں تک جاری رہی اور اس دوران چار ملزمان مقدمہ مکمل ہونے سے قبل ہی وفات پا گئے۔

 

سماعت کے دوران استغاثہ نے 10 گواہوں کے بیانات قلمبند کرائے۔ شواہد کا جائزہ لینے کے بعد ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج کی عدالت نے دیپ رائے کو تعزیراتِ ہند کی دفعات 147 (فساد)، 148 (مہلک ہتھیاروں کے ساتھ فساد) اور 307 (اقدامِ قتل) کے تحت مجرم قرار دیا۔

 

سوشل میڈیا پر اس مقدمہ نے خاصی توجہ حاصل کی ہے، کیونکہ سزا یافتہ شخص کی تصاویر منظر عام پر آئی ہیں جن میں وہ انتہائی ضعیف اور چلنے پھرنے کے لیے دوسروں کے سہارے کا محتاج دکھائی دیتا ہے۔

 

عدالت نے مجرم کو دی جانے والی سزا کے تعین کے لئے 2 جون کو سماعت مقرر کی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button