جرائم و حادثات

نرمل ضلع کے بھینسہ میں نوجوان کا بہیمانہ قتل۔ دوست ہی نکلا قاتل

بھینسہ/نرمل۔ ریاست تلنگانہ ضلع نرمل کے بھینسہ میں حال ہی میں این آر گارڈن کے قریب واقع پل کے نیچے ایک شخص کی نعش برآمد ہونے کے سنسنی خیز کیس کو پولیس نے حل کر لیا ہے۔

 

پولیس نے مقتول کے ارکان خاندان کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے قتل کے اس معمہ کو حل کر لیا ہے۔ منگل کے روز اے ایس پی سائی کرن نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کیس کا پردہ فاش کیا۔

 

اے ایس پی سائی کرن کے مطابق نئی آبادی کے رہنے والے 27 سالہ نصیر احمد کو اس کے ہی دوست 19 سالہ محمد صفوان احمد نے بے رحمی سے قتل کیا۔ تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ ماضی میں رقم کے لین دین کے تنازع پر نصیر کے گیراج میں دونوں کے درمیان شدید جھگڑا ہوا تھا۔

 

غصہ میں آ کر ملزم نے گیراج میں موجود دو ہتھوڑوں سے نصیر احمد کے سر پر پے در پے کئی وار کیے جس کے نتیجے میں نصیر کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔پولیس نے بتایا کہ قتل کی واردات کے بعد جرم کو چھپانے کے لیے ملزم نے نصیر کی نعش کو لوہے کے ایک مشین باکس میں بند کیا پھر اسے اپنی موٹر سائیکل پر لاد کر لے گیا

 

اور آٹو نگر چوٹا برج (چھوٹے پل) کے قریب واقع ایک گندے نالے میں پھینک دیا۔ ملزم احمد کو حراست میں لے کر جب سخت پوچھ گچھ کی گئی تو تفتیش کے دوران جمع کیے گئے سائنسی اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر جرم میں اس کا ملوث ہونا ثابت ہو گیا۔

 

پولیس کے مطابق اس کیس کو حل کرنے میں سی سی ٹی وی فوٹیج، ڈیجیٹل شواہد اور سائنسی شواہد نے انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور کیس کی مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button