کاروباری رقابت نے لی محبوب کی جان — چکن شاپ کے تنازعہ پر نوجوان ہلاک، چار کے خلاف مقدمہ درج

کاروباری رقابت نے لی محبوب کی جان — چکن شاپ کے تنازعہ پر نوجوان ہلاک، چار کے خلاف مقدمہ درج
تلنگانہ کے میدک ضلع کے ناگسان پلی گاؤں میں اتوار کی نصف شب ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں معمولی کاروباری رقابت ایک جان لیوا جھگڑے میں بدل گئی۔
پولیس کے مطابق 35 سالہ محبوب، جو ٹائر پنکچر کی دکان چلا کر روزگار حاصل کرتا تھا، اس کی بہن سلطانہ ایڈوپایالہ گاؤں کے قریب چکن شاپ چلاتی تھی۔ سلطانہ کی دکان کے بازو میں ہی وٹھل نامی شخص بھی چکن کی دکان چلاتا تھا۔ گزشتہ کچھ دنوں سے دونوں کے درمیان گاہکوں کے معاملے پر تنازعہ چل رہا تھا۔
اتوار کی رات سلطانہ اور محبوب کی اہلیہ ریشما دکان پر موجود تھیں کہ وٹھل اپنی بیوی راجمنی اور بیٹوں یادگیری و مہیش کے ہمراہ وہاں پہنچا۔ پہلے تو زبانی تکرار ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے شدید جھگڑے میں بدل گئی۔ ریشما نے فوراً فون پر اپنے شوہر محبوب کو اطلاع دی۔ محبوب جیسے ہی موقع پر پہنچا، وٹھل اور اس کے گھر والوں نے اس پر حملہ کردیا۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے محبوب کو زمین پر گرا کر سینے پر مکے مارے اور بری طرح تشدد کیا، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی محبوب کو فوری طور پر میدک کے ایک خانگی ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے معاینہ کے بعد اسے مردہ قرار دیا۔
متوفی کی اہلیہ ریشما کی شکایت پر پولیس نے وٹھل، راجمنی، یادگیری اور مہیش کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ایس آئی سرینواس گوڑ کے مطابق ملزمین کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جبکہ نعش کو پوسٹ مارٹم کے بعد گھر والوں کے حوالے کردیا گیا ہے۔
علاقے میں اس واقعہ کے بعد سنسنی اور افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔