تلنگانہ: کونسلر حالت نشے میں بزرگ خاتون کے گھر میں برہنہ داخل، عصمت ریزی کی کوشش

کونسلر حالت نشے میں بزرگ خاتون کے گھر میں برہنہ داخل، عصمت ریزی کی کوشش
حیدرآباد ۔ایک کونسلر جسے عوامی نمائندے کے طور پر معاشرے کے لیے ایک مثال بننا چاہیے تھا آدھی رات کو ہوس کا پجاری بن گیا اور انتہائی گھناؤنی حرکت کر ڈالی۔
یہ افسوسناک واقعہ ریاست تلنگانہ جنگاؤں ضلع کے اسٹیشن گھن پور منڈل کے چاگلو گاؤں میں منظر عام پر آیا ہے۔ وارڈ کونسلر کا آدھی رات کو ایک بزرگ خاتون کے گھر برہنہ حالت میں گھسنا اور اس کی عصمت ریزی کی کوشش کرنا پورے علاقے میں شدید سنسنی کا باعث بن گیا ہے۔
متاثرہ خاندان کے ارکان کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق چاگلو کی حدود کے نویں وارڈ کے کونسلر ‘سمپت راج’ پر الزام ہے کہ اس نے آدھی رات کو شراب کے نشے میں دھت ہو کر برہنہ حالت میں ایک بزرگ خاتون کے گھر میں گھس گیا۔ جب اس نے سوئی ہوئی خاتون پر حملہ کر کے اس کی عصمت ریزی کرنے کی کوشش کی تو خوفزدہ بزرگ خاتون نے زور زور سے چیخنا شروع کر دیا۔
خاتون کی چیخیں سن کر آس پاس کے لوگ اور خاندان کے ارکان فوراً وہاں پہنچ گئے۔ سب کو دیکھ کر خوفزدہ کونسلر سمپت راج اسی برہنہ حالت میں پاس موجود باتھ روم میں بھاگ گیا اور اندر سے کنڈی لگا لی۔ مقامی لوگوں نے فوری عقل مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے باتھ روم کا دروازہ باہر سے بند کر دیااور اسٹیشن گھن پور پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پر پہنچ گئی ملزم کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔ پولیس نے اس واقعے کا کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تاہم اس واقعے کے حوالے سے مزید مکمل تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔ اس واقعہ پر مقامی افراد شدید برہم ہیں۔



