عاشق کے ساتھ مل کر دو دن قبل دبئی سے آنے والے شوہر کو چھت سے پھینکا، زندہ بچا تو ٹوائلٹ کلینر انجکشن دے کر قتل کر دیا – تلنگانہ کے نظام آباد ضلع میں دلخراش واقعہ

تلنگانہ کے ضلع نظام آباد میں ایک لرزہ خیز قتل کی واردات تاخیر سے منظر عام پر آئی ہے، جہاں ایک خاتون نے اپنے عاشق کے ساتھ ناجائز تعلقات برقرار رکھنے کی خاطر اپنے شوہر کو انتہائی بے رحمی سے قتل کر دیا۔ پہلے اسے بنگلے کی چھت سے نیچے دھکا دیا گیا، اور جب وہ زخمی حالت میں زندہ بچ گیا تو بعد میں سلائن میں ٹوائلٹ کلینر ملا کر اس کی جان لے لی گئی۔
نظام آباد ساؤتھ رورل کے سی آئی سریش کمار اور مقامی افراد کے مطابق، موپال منڈل کے نیالکل گاؤں کے رہنے والے 35 سالہ پرشانت اور سندھیا میاں بیوی تھے۔ پرشانت گزشتہ کئی برسوں سے خاندان کی کفالت کے لیے دبئی آتا جاتا تھا۔ اس دوران نظام آباد کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں نرس کے طور پر کام کرنے والی اس کی بیوی سندھیا کی انیل نامی شخص سے شناسائی ہوئی، جو بعد میں ناجائز تعلقات میں بدل گئی۔ تقریباً دو سال بعد گزشتہ ماہ 27 جون کو پرشانت دبئی سے گھر واپس آیا۔
شوہر کی واپسی کے بعد سندھیا نے اپنے عاشق انیل کے ساتھ تعلقات جاری رکھنے کے لیے پرشانت کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا۔ اس نے اپنے جاننے والے بَنٹی، جو نیالکل کا رہنے والا ہے، کو اس سازش میں شامل کر لیا۔ 29 جون کو منصوبے کے تحت پرشانت اور بَنٹی کو گھر کی چھت پر شراب نوشی کے لیے بٹھایا گیا۔ جب پرشانت مکمل نشے میں تھا تو سندھیا اور بَنٹی نے مل کر اسے چھت سے نیچے دھکا دے دیا۔
تاہم شدید زخمی ہونے کے باوجود پرشانت زندہ بچ گیا اور اسے ایک پرائیویٹ اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا۔ علاج کے بعد جب وہ گھر واپس آیا تو سندھیا کو خدشہ ہوا کہ وہ صحت یاب ہو جائے گا، چنانچہ اس نے اسے ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اس نے پرشانت کے ہاتھ میں لگی سلائن میں ٹوائلٹ کلینر ملا دیا، جس کے باعث اس کی حالت بگڑ گئی اور وہ دم توڑ گیا۔
پرشانت کی والدہ نے 30 جون کو اپنی بہو سندھیا اور ایک دوسرے شخص پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے پولیس سے رجوع کیا۔ پولیس نے مشتبہ موت کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی۔ دورانِ تفتیش سندھیا اور بَنٹی کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی، جس میں دونوں نے قتل کا اعتراف کر لیا۔ اس کے بعد پولیس نے انیل کو بھی گرفتار کر لیا اور تینوں ملزمین کو پیر کے روز عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیا۔




