سرپنچ کے انتخابات میں حصہ لینے کی ضد میں باپ نے بیٹے اور بہو کو بولیرو سے کچل کر ہلاک کردیا

جئے پور، 14 اکتوبر (اردو لیکس ڈیسک) راجستھان کے ضلع چورو میں سرپنچ انتخابات میں حصہ لینے کی ضد نے ایک خاندان کو اجاڑ دیا۔ الزام ہے کہ 60 سالہ رام چندر جاٹ نے اپنے 40 سالہ اکلوتے بیٹے رویندر اور 35 سالہ بہو مہندرا کو بولیرو گاڑی سے کچل کر ہلاک کردیا۔ اس واقعے کے بعد ملزم کی بیوی اور مقتولین کی ماں دھرما دیوی صدمے سے نڈھال ہوگئیں۔
تاراناگر کے ڈی ایس پی روہت سانکھلا کے مطابق، چنگوئی گاوں کا رہنے والا رام چندر ایک وی برج (وزن کرنے کا کانٹا) چلاتا ہے اور سرپنچ کا انتخاب لڑنا چاہتا تھا، جو 14 نومبر کو ہونے والے ہیں لیکن اس کے بیٹے اور بہو اس فیصلے کے مخالف تھے۔ اس معاملے پر گزشتہ کئی دنوں سے گھر میں تنازعات جاری تھے۔
منگل کی رات بھی باپ اور بیٹے کے درمیان جھگڑا ہوا، جس کے بعد رویندر اور مہندرا گاؤں میں واقع وی برج پہنچ گئے۔ رام چندر اپنی بیوی دھرما دیوی کے ساتھ وہاں پہنچا تو ایک بار پھر بحث شروع ہوگئی۔ بعدازاں جب رویندر اور مہندرا گھر واپس لوٹ رہے تھے تو الزام ہے کہ رام چندر نے پیچھے سے بولیرو گاڑی چلاتے ہوئے انہیں کچل دیا، جس کے نتیجے میں دونوں کی موت ہوگئی۔
پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر واردات میں استعمال کی گئی گاڑی ضبط کرلی ہے۔ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔




