میٹ پلی نابالغ لڑکی کا گینگ ریپ 5 مجرموں کو عمر قید کی سزا۔ تلنگانہ جگتیال کی عدالت کا فیصلہ

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کے ضلع جگتیال میں سال 2020 میں ایک کم عمر لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت ریزی کا شرمناک واقعہ پیش آیا تھا اس مقدمے میں فاسٹ ٹریک اسپیشل پوکسو کورٹ نے اہم فیصلہ سناتے ہوئے پانچوں ملزمین کو قصوروار قرار دے دیا۔
مقدمے کی سماعت (ٹرائل) کے بعد عدالت نے ملزمین لوکینی راجیش (22 سال)، ڈی۔ سائی کمار (21 سال) انیل کمار (19 سال) شیوا (19 سال) اور وینکٹیش (22 سال) کو اکتوبر 2020 میں میٹ پلی پولیس اسٹیشن کے حدود میں درج ہونے والے ایک نابالغ لڑکی کے اجتماعی عصمت ریزی (گینگ ریپ) کے کیس میں قصوروار پایا۔ عدالت نے ان تمام مجرموں میں سے ہر ایک کو عمر قید کی سزا سنائی۔
عدالت نے پانچوں مجرموں کو عمر قید کی سزا سنائی اس کے علاوہ ہر مجرم پر 20 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔عدالت نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ متاثرہ کم عمر لڑکی کو 12 لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کیے جائیں۔
عدالت نے کہا کہ پولیس اور استغاثہ نے مضبوط شواہد کی بنیاد پر مقدمہ کامیابی سے ثابت کیا جس کے بعد پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج رتنا پدماوتی نے یہ فیصلہ سنایا۔
حال ہی میں شاہ آباد میں ایک پوکسو مقدمے کے ملزم کے ضمانت پر رہا ہونے کے بعد قتل و غارت کی واردات انجام دینے اور بعد ازاں خودکشی کر لینے کے واقعے کے تناظر میں جگتیال کی اس عدالت کا فیصلہ خاص اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
عوام کا مطالبہ ہے کہ پوکسو مقدمات میں ملزمی کو آسانی سے ضمانت نہ دی جائے اور ایسے مقدمات کی جلد سماعت مکمل کرکے سخت سزائیں دی جائیں۔



