وقارآباد ہائی وے پر دلخراش حادثہ،کار ٹِپر سے ٹکر کے بعد جل کر خاکستر۔ ایک شخص ہلاک دو کی حالت تشویشناک

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ وقارآباد ضلع کے پرگی منڈل میں گڈی سنگاپور کے قریب چنتل چروو کے مقام پر بیجاپور ہائی وے پر ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ 6 ستمبر 2026 کو ایک آلٹو کار اور ٹِپر لاری کے درمیان زوردار تصادم ہوا۔
حادثے کی شدت کے باعث کار میں اچانک شدید آگ بھڑک اٹھی۔کار میں سوار تین افراد میں سے نرسمہلو نامی شخص کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ اس کی بیوی انجماں اور اس کے چھوٹے بھائی کا بیٹا ابھیرام شدید زخمی ہوگئے اور ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
متاثرہ افراد کا تعلق پُدور منڈل کے گونگوپلی گاؤں سے بتایا گیا ہے۔یہ تمام افراد کسی کام کے سلسلے میں کوسگی جا رہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔مقامی لوگوں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو پرگی سرکاری اسپتال پہنچایا جہاں سے بہتر علاج کے لیے انہیں وقارآباد منتقل کیا گیا۔
پولیس بھی جائے حادثہ پر پہنچی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔



