حیدرآباد محکمہ واٹرورکس کا کروڑ پتی جنرل مینجر چنچل گوڑہ جیل منتقل

حیدرآباد: محکمہ آبرسانی کے جی ایم انتا لکشمی کمار کو عدالت نے 14 دن کی عدالتی تحویل میں دے دیا اس کے بعد اے سی بی حکام نے انہیں چنچل گوڑہ جیل منتقل کر دیا۔ انتا لکشمی کمار حیدرآباد محکمہ آبرسانی میں پروجیکٹ ڈویژن-تھری کے جنرل منیجر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے
اور اینٹی کرپشن بیورو کے چھاپوں میں پکڑے گئے۔گزشتہ روز صبح تقریباً 6 بجے اے سی بی حکام کی ٹیم ملاپور وینکٹ رمنہ کالونی میں واقع کمار کے گھر پہنچی اور تلاشی کارروائی انجام دی۔اس کے علاوہ حیدرآباد، سکندرآباد، نظام آباد ضلع اور سنگاریڈی ضلع میں کمار کے رشتہ داروں اور دوستوں سے متعلق 8 مقامات
پر بیک وقت چھاپے مارے گئے۔دھاوں کے دوران ان کے گھر سے بھاری رقم برآمد ہوئی رقم گننے کے لیے مشین منگوانی پڑی۔رجسٹریشن ویلیو کے مطابق ضبط شدہ جائیدادوں کی مالیت تقریباً 5.88 کروڑ روپے بتائی گئی ہے جبکہ مارکٹ میں ان کی قیمت 100 کروڑ روپے سے زائد ہونے کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔



