جرائم و حادثات

نسخے، انجکشن اور جعلی ڈگریاں؛ حیدرآباد میں 11 نقلی ڈاکٹر گرفتار

حیدرآباد میں جعلی ڈاکٹروں کے خلاف بڑی کارروائی، 11 افراد گرفتار

 

حیدرآباد: بغیر کسی طبی اہلیت اور باقاعدہ ڈگری کے ڈاکٹر بن کر لوگوں کا علاج کرنے والے 11 افراد کو حیدرآباد سٹی پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بیک وقت کارروائی کرتے ہوئے ان افراد کو حراست میں لیا۔

 

پولیس کے مطابق گرفتار افراد کے پاس مریضوں کا علاج کرنے کے لیے ضروری طبی تعلیم اور تسلیم شدہ میڈیکل ڈگریاں موجود نہیں تھیں، اس کے باوجود وہ مختلف علاقوں میں کلینکس چلا رہے تھے۔ یہ افراد خود کو ڈاکٹر ظاہر کرتے ہوئے مریضوں کو ادویات تجویز کرنے کے علاوہ انجکشن لگانے اور اینٹی بایوٹکس دینے کا کام بھی کررہے تھے۔

 

ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو معلوم ہوا کہ بعض افراد مبینہ طور پر جعلی سرٹیفکیٹس کی بنیاد پر کلینکس چلا رہے تھے، جبکہ کچھ ملزمین معروف سپر اسپیشلٹی اسپتالوں کے نام کا استعمال کرکے مریضوں کو گمراہ کررہے تھے۔

 

کارروائی کے دوران پولیس نے ملزمین کے کلینکس سے جعلی لیٹر ہیڈز، غیر مجاز ادویات، طبی آلات اور دیگر سامان ضبط کرلیا۔ پولیس اس بات کی بھی تحقیقات کررہی ہے کہ یہ افراد کب سے غیر قانونی طور پر طبی خدمات انجام دے رہے تھے اور ان کے علاج سے کتنے افراد متاثر ہوئے ہیں۔

 

پولیس حکام نے کہا کہ بغیر طبی اہلیت کے لوگوں کا علاج کرنا نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ مریضوں کی زندگیوں کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔ ایسے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ علاج کرانے سے قبل ڈاکٹر کی تعلیمی قابلیت اور رجسٹریشن کی تصدیق کریں اور کسی بھی غیر مستند شخص سے طبی علاج نہ کروائیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button