حیدرآباد میں اے ٹی ایم سنٹر پر صارفین کو جعلی فون پے، گوگل پے سے دھوکہ دینے والا گروہ گرفتار

حیدرآباد کی عنبرپیٹ پولیس نے اے ٹی ایم سے رقم نکالنے والے افراد کو جعلی فون پے اور گوگل پے ایپس کے ذریعے دھوکہ دینے والے تین نوجوانوں اور ایک کم عمر لڑکے کو گرفتار کرلیا۔
پولیس انسپکٹر ٹی. کرن کمار کے مطابق، شیوَم روڈ پر واقع ایس بی آئی بینک کے چیف منیجر کی شکایت پر تحقیقات شروع کی گئیں۔ پولیس نے شیوَم روڈ کے ایس بی آئی اے ٹی ایم کو نشانہ بنانے والے ملزمین محمد سلمان خان (19)، روشن کمار (23)، سید رویش مہدی (23) اور ایک کم عمر لڑکے کو گرفتار کیا۔
ملزمین اے ٹی ایم سے رقم نکالنے والے افراد سے کہتے تھے کہ وہ فون پے یا گوگل پے کے ذریعے رقم منتقل کردیں گے، اس کے بدلے نقد رقم دے دیں۔ اس کے بعد جعلی ایپ میں ادائیگی کامیاب ہونے کا پیغام دکھا کر نقد رقم لے کر فرار ہوجاتے تھے۔ پولیس کی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمین نے اس طرح کئی افراد کو دھوکہ دیا۔
پولیس نے ان کے قبضے سے دو موٹر سائیکلیں، چار موبائل فون اور 12,500 روپے نقد برآمد کئے۔ پولیس نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایسے دھوکہ دہی کے واقعات سے چوکس رہیں اور صرف پیمنٹ اسکرین پر بھروسہ نہ کریں بلکہ اپنے بینک اکاؤنٹ میں رقم جمع ہونے کی تصدیق ضرور کریں۔



