جرائم و حادثات

سوشل میڈیا پر لائکس اور ویوز کے چکر میں خودکشی کا ڈرامہ – تلنگانہ کے کاماریڈی میں خودکشی کی جھوٹی ویڈیو بنانے پر نوجوان کے خلاف مقدمہ درج

کاماریڈی – تلنگانہ کے کاماریڈی میں سوشل میڈیا پر ویوز اور لائکس حاصل کرنے کے لئے خودکشی کا ڈرامہ کرنے والے نوجوان کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

 

کاماریڈی ضلع ایس پی ایم۔ راجیش چندرا  نے اس واقعہ پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کے لائکس کے لئے اس طرح کی جعلی ویڈیوز بنانا نہ صرف غیر ذمہ دارانہ عمل ہے بلکہ پولیس کے قیمتی وقت اور وسائل کا ضیاع بھی ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق، ریڈلان روہت نامی نوجوان نے Instagram پر ایک ویڈیو اپلوڈ کی جس میں اس نے خودکشی کا تاثر دیا۔ ویڈیو سامنے آتے ہی کاماریڈی ٹاؤن پولیس فوری طور پر متحرک ہوئی اور نوجوان کے گھر پہنچ کر تفتیش شروع کی۔

 

پولیس کی پوچھ تاچھ کے دوران نوجوان نے اعتراف کیا کہ اس نے صرف سوشل میڈیا پر ویوز اور لائکس حاصل کرنے کے لئے یہ ویڈیو تیار کی تھی۔

 

اس واقعہ پر پولیس نے کہا کہ ہنگامی صورتحال سمجھ کر فوری کارروائی کرنا پڑی، جس کے باعث پولیس کا قیمتی وقت اور وسائل ضائع ہوئے۔ متعلقہ حکام کے مطابق نوجوان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

 

اس موقع پر ایس پی نے نوجوانوں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کے شوق میں اپنی زندگی اور دوسروں کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنا انتہائی خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا وقت عوام کی حفاظت اور حقیقی ایمرجنسی کے لیے ہوتا ہے، نہ کہ اس طرح کے جعلی واقعات کے لیے۔

 

انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ سوشل میڈیا کی عارضی شہرت کے بجائے اپنی تعلیم اور مستقبل پر توجہ دیں اور محنت کے ذریعہ زندگی میں آگے بڑھیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button