زمین کے تنازعہ پر بیٹوں کا باپ پر سڑک پر حملہ – 65 سالہ بزرگ کو ڈنڈوں سے پیٹا
ممبئی : مہاراشٹرا کے انداپور شہر میں ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں زمین کے تنازع پر دو بیٹوں نے مبینہ طور پر اپنے 65 سالہ والد کو سڑک کے بیچ گھیر کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں دونوں بیٹے اپنے بزرگ والد کے ساتھ مارپیٹ کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
یہ واقعہ انداپور شہر میں سلیم لانز کے قریب پیش آیا۔ متاثرہ بزرگ کی شناخت 65 سالہ تکارام راؤت کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ الزام ان کے بیٹوں سنجے تکارام راؤت اور راجندر تکارام راؤت پر ہے۔
بتایا گیا ہے کہ تنازعہ ایک زمین کی فروخت کو لے کر شروع ہوا۔ مذکورہ زمین تکارام راؤت کی اہلیہ انجنا راؤت کے نام پر درج تھی۔ بیٹوں کو اعتراض تھا کہ ان کے والد نے یہ زمین کیوں فروخت کی۔ اسی معاملہ پر باپ اور بیٹوں کے درمیان بحث شروع ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے سنگین رخ اختیار کر گئی۔
الزام ہے کہ دونوں بیٹوں نے سڑک پر ہی اپنے والد کو گھیر لیا اور ان پر لکڑی کے ڈنڈے سے حملہ کردیا۔ اس دوران موقع پر موجود ایک شخص نے پوری واردات اپنے موبائل فون میں ریکارڈ کرلی۔ وائرل ویڈیو میں بزرگ کو سڑک پر مارپیٹ کا نشانہ بنتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
واقعہ کے بعد تکارام راؤت نے انداپور پولیس اسٹیشن پہنچ کر اپنے دونوں بیٹوں کے خلاف شکایت درج کرائی۔ پولیس نے شکایت کی بنیاد پر سنجے تکارام راؤت اور راجندر تکارام راؤت کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس اب زمین کی فروخت، ملکیت اور تنازع کی اصل وجہ سمیت دیگر پہلوؤں کی تحقیقات کر رہی ہے۔ وائرل ویڈیو کو بھی تفتیش کا حصہ بنایا گیا ہے۔



