میلاد جلوس والینٹرس کی ڈی سی پی چارمینار زون نے ستائش کی
میلاد جلوس والینٹرس کی ڈی سی پی چارمینار زون نے ستائش کی
کرن کھیرے آئی پی ایس نے بزم طارق کے کارکنوں کو توصیفی اسناد دیئے اور تہنیت پیش کی

حیدرآباد 2 ستمبر (پریس نوٹ) میلاد النبیؐ کے موقع پر مرکزی میلاد جلوس کمیٹی کے زیراہتمام مرکزی جلوس دوران مختلف اہم چوراہوں اور اہم شاہراہوں پر والینٹرس کو مقرر کیا گیا تھا تاکہ جلوس میں نظم و ضبط کو برقرار رکھا جاسکے
۔ بزم طارق کے صدر مولانا سید شاہ محمد سیف اللہ حسینی قادری الباقری سیف پاشاہ کی نگرانی میں کارکنوں کو چارمینار، گلزار حوض، شاہ علی بنڈہ چوراہا، بیلہ چوراہا، مدینہ سرکل،بی بی بازار چوراہا، نور خاں بازار، فتح دروازہ، مصری گنج میں والینٹرس نے بہترین خدمات انجام دیں۔
ان کی خدمات کی نہ صرف عوام نے بلکہ خود محکمہ پولیس نے ستائش کی۔ جلوس گذرجانے کے بعد رات دیر گئے تک بزم طارق کے ذمہ داران اور والینٹرس اہم چوراہوں پر نظم و ضبط کی برقراری میں اشتراک و تعاون کرتے دیکھے گئے۔ اس کا خود پولیس کے اعلی عہدیداروں نے مشاہدہ کرکے ان کی خدمات کی خوب ستائش کی۔ ڈی سی پی چارمینار زون کرن کھیرے آئی پی ایس نے اس موقع پر کہا کہ عید و تہواروں میں تقریبا 95 فیصد لوگ امن پسند ہوتے ہیں صرف 4 تا 5 فیصد ہی شرارت کرتے ہیں
جس سے ساری کمیونٹی کی بدنامی ہوتی ہے۔ اس مرتبہ پہلے سے بہتر نظم و ضبط رہا، شکایتیں بھی زیادہ نہیں آئیں، جو لوگوں نے خرابی پیدا کرنے کی کوشش کی ان کو طلب کرکے کونسلنگ کی گئی اور بہترین خدمات انجام دینے والوں کو سند دی گئی۔ پولیس کے دیگر اعلی عہدیداروں نے بھی انہیں سراہا، اس ضمن میں کوتوال ہاؤز پرانی حویلی میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر پولیس چارمینار زون کرن کھیرے اور مولانا سید شیخن احمد قادری شطاری صدر مرکزی میلاد جلوس کمیٹی نے دیگر اعلی عہدیداروں کے ساتھ میلاد جلوس کے والینٹرس کو تہنیت پیش کی اور انہیں توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔
اس موقع پر مولانا ڈاکٹر خواجہ شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ نائب صدر بزم طارق نے اجلاس کے بارے میں معلومات فراہم کیں اور شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر تقریبا 150 والینٹرس کو توصیفی اسناد دیئے گئے اور بعض والینٹرس کی غیر معمولی خدمات کی انجام دہی پر ان کی شال پوشی بھی کی گئی۔ جناب سید عبدالقادر قادری الباقری حسین پاشاہ کنوینر اور جناب محمد ابوالحسن صدر یوتھ بزم طارق نے شکریہ ادا کیا۔



