جرائم و حادثات

محبت کے جال میں پھنسا کر کمسن لڑکی سے زیادتی؛ ملزم کو 20 سال قید کی سزا – تلنگانہ کی کاماریڈی کورٹ کا فیصلہ

کاماریڈی – تلنگانہ کے ضلع کاماریڈی میں کمسن لڑکی کو محبت کے نام پر دھوکہ دے کر دہلی اغوا کرنے اور اس کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے کے مقدمہ میں فاسٹ ٹریک عدالت نے سخت فیصلہ سناتے ہوئے ملزم رحیم کو 20 سال کی سخت قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے ملزم پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

 

پولیس کے مطابق ملزم نے متاثرہ لڑکی کو محبت کا جھانسہ دے کر اپنے اعتماد میں لیا اور بعد ازاں اسے دہلی لے جاکر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ واقعہ کے بعد متاثرہ خاندان کی شکایت پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور تحقیقات کا آغاز کیا۔

 

تحقیقات کے دوران پولیس نے متاثرہ لڑکی کے بیانات، طبی معائنہ رپورٹ، موبائل فون ریکارڈ اور دیگر تکنیکی شواہد اکٹھا کرتے ہوئے عدالت میں مضبوط چارج شیٹ پیش کی۔ سرکاری وکیل کی مؤثر پیروی اور پولیس کی جانب سے پیش کیے گئے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر عدالت نے ملزم کو قصوروار قرار دیتے ہوئے سخت سزا سنائی۔

 

ذرائع کے مطابق مقدمہ کی سماعت فاسٹ ٹریک عدالت میں ترجیحی بنیادوں پر انجام دی گئی تاکہ متاثرہ خاندان کو جلد انصاف فراہم کیا جاسکے۔ عدالتی فیصلے کے بعد مقامی عوامی اور سماجی حلقوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے خواتین کے خلاف جرائم کے سدباب کی سمت اہم اقدام قرار دیا ہے۔

 

اس مقدمہ میں کامیاب تفتیش اور ملزم کو سزا دلانے میں اہم کردار ادا کرنے والے پولیس افسران اور عملے کو ضلع ایس پی راجیش  چندرا نے خصوصی طور پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث افراد کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور ایسے معاملات میں سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button