8 سال کے بچہ کا قتل، زنخہ کو پھانسی کی سزا۔ حیدرآباد کی عدالت کا فیصلہ

حیدرآباد: صنعت نگر پولیس اسٹیشن کے حدود میں 2023 میں پیش آنے والے 8 سالہ بچے عبد الواحد خان کے قتل کیس میں مرکزی ملزم کو عدالت نے سزائے موت سنائی ہے۔میڈچل۔ملکاجگری کی تیسری ایڈیشنل کورٹ کے جج منڈوا وینکٹیشورا راؤ نے پیر کے روز یہ فیصلہ سنایا۔
پولیس اور ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹر جی وی رام کرشنا راؤ کے مطابق صنعت نگر کے علاقے علاالدین کوٹھی میں رہنے والے عبد الوسیم خان کے 8 سالہ بیٹے عبد الواحد خان کو 20 اپریل 2023 کو زنخہ عمران علی خان عرف فضا عمر (33) سال کو چاکلیٹ دینے کا بہانہ کرکے گھر لے گیا اور چاقو سے گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔
تحقیقات میں معلوم ہوا کہ یہ ہولناک واردات چٹھیوں کے مالی تنازعے کی وجہ سے کی گئی۔ اطلاعات کے مطابق وسیم خان کے بہنوئی آصف نے عمران کے پاس 5 لاکھ روپے کی چتھی ڈالی تھی لیکن عمران نے اس میں سے 4 لاکھ روپے واپس کرنے میں تاخیر کی۔ وسیم خان کی جانب سے دباؤ ڈالنے پر عمران نے انتقامی جذبے سے بچے کو قتل کر دیا۔
قتل کے بعد ملزم نے بچے کی نعش کو پلاسٹک کور میں لپیٹ کر آٹو ڈرائیور محمد رفیق (32) کی مدد سے فتح نگر کے دین دیال نگر نالے میں پھینک دیا۔کیس درج کرکے تحقیقات شروع کرنے والی صنعت نگر پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج، کال ڈیٹا ریکارڈس اور تکنیکی شواہد کی مدد سے ملزم کو شناخت کرکے گرفتار کیا۔
عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد عدالت نے مرکزی ملزم عمران علی خان کو سزائے موت جبکہ اس کی مدد کرنے والے آٹو ڈرائیور رفیق کو عمر قید کی سزا سنائی۔بچے کے والد وسیم خان نے کہا کہ اپنے بیٹے کے بہیمانہ قتل کے مجرم کو سزائے موت ملنے پر انہیں خوشی ہے۔
انہوں نے انصاف فراہم کرنے والی عدلیہ اور کیس کو حل کرنے والی پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔



