جرائم و حادثات

24 گھنٹوں میں بچے کے اغوا کا کیس حل، نظام آباد پولیس نے کمسن کو بحفاظت بازیاب کرلیا

 

 

نظام آباد، 6 ستمبر: نظام آباد پولیس نے صرف 24 گھنٹوں کے اندر ڈھائی سالہ بچے کے اغوا کے معاملہ کو حل کرتے ہوئے اسے بحفاظت بازیاب کرلیا اور والدین کے حوالے کردیا۔

 

پولیس کے مطابق کل 5 ستمبر 2026 کو صبح تقریباً 10:30 بجے نظام آباد گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل کے مدر اینڈ چائلڈ کیئر یونٹ سے تقریباً ڈھائی سالہ بچے ویدانش کو دو افراد نے بہلا پھسلا کر اغوا کرلیا تھا۔

 

بچے کے والدین کی شکایت پر متعلقہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس کمشنر نظام آباد کی ہدایات اور نگرانی میں بچے کی تلاش کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے فوری طور پر بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی گئی۔

 

اس کارروائی میں ٹاؤن-I پولیس، سی سی ایس، کرائم اور ٹیکنیکل ٹیموں نے باہمی تال میل کے ساتھ کام کیا۔ مختلف علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لینے کے علاوہ تکنیکی شواہد کا تجزیہ اور مشتبہ افراد کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی گئی۔

 

پولیس ٹیموں کی جانب سے دن رات جاری تلاشی اور تحقیقات کے نتیجہ میں صرف 24 گھنٹوں کے اندر سنگاریڈی ضلع کے دولت آباد گاؤں میں بچے ویدانش کا سراغ لگا لیا گیا اور اسے بحفاظت بازیاب کرلیا گیا۔

 

پولیس نے اس معاملہ میں دو ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ ان کی شناخت کوتاڈی سجاتا، عمر 30 سال، بیوی یلم، ساکن نظام پیٹ گاؤں، ضلع میدک، حال مقیم میڑچل، اور کوتاڈی یلم، عمر 38 سال، ولد پوچیا، ساکن نظام پیٹ گاؤں، ضلع میدک، حال مقیم میڑچل کے طور پر کی گئی ہے۔

 

بازیاب بچے ویدانش، عمر ڈھائی سال، کے ضروری طبی معائنے اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد آج اسے بحفاظت والدین کے حوالے کیا جائے گا۔

 

پولیس نے بتایا کہ کیس کو 24 گھنٹوں میں حل کرنے اور بچے کو بحفاظت بازیاب کرانے میں ٹاؤن-I، سی سی ایس، کرائم، سیول اور ٹیکنیکل ٹیموں کی مشترکہ کوششیں اہم ثابت ہوئیں۔ اس کے علاوہ سنگاریڈی ضلع پولیس کا تعاون بھی قابلِ قدر رہا۔

 

پولیس کمشنر نظام آباد نے بچے کو بحفاظت بازیاب کرکے والدین کے حوالے کرنے کے لیے کوشش کرنے والے تمام افسران اور پولیس اہلکاروں کی ستائش کی۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button