ظفر پہلوان کے 2 بیٹوں کے خلاف پی ڈی ایکٹ کے تحت کاروائی

حیدرآباد: شہر میں امن و امان کو متاثر کرنے کے الزام میں دو بدنام زمانہ روڈی شیٹرس کے خلاف حیدرآباد سٹی پولیس نے پی ڈی ایکٹ کے تحت کاروائی کی ہے۔
پولیس کمشنر حیدرآباد وی سی سجنار کے احکامات پر رین بازار پولیس نے عمر بن حمزہ الجابری اور علی بن حمزہ الجابری کے خلاف کارروائی انجام دی۔پولیس کے مطابق عمر بن حمزہ الجابری کے خلاف 8 جبکہ علی بن حمزہ الجابری کے خلاف 7 مقدمات درج ہیں۔ یہ دونوں ظفر پہلوان کے بیٹے بتائے گئے ہیں۔
دونوں ملزمین قتل، اقدام قتل، جاری وصولی ،مجرمانہ دھمکیوں اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے جیسے سنگین جرائم میں ملوث رہے ہیں۔ مختلف پولیس اسٹیشنوں میں ان کے خلاف کئی فوجداری مقدمات درج کیے گئے تھے۔
رین بازار پولیس کے مطابق دونوں ملزمین مسلسل مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہتے ہوئے امن عامہ کو متاثر کر رہے تھے جس کے پیش نظر ان کے خلاف پریوینٹیو ڈیٹنشن ایکٹ کے تحت کارروائی کی سفارش کی گئی۔ مجاز اتھارٹی نے مقدمات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے دونوں روڈی شیٹرس کے خلاف حراستی احکامات کی منظوری دے دی۔
حیدرآباد سٹی پولیس نے واضح کیا ہے کہ عادی مجرموں، روڈی شیٹرس اور سماج دشمن عناصر کے خلاف آئندہ بھی سخت کارروائی جاری رہے گی اور امن و قانون میں خلل ڈالنے والوں کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔
رین بازار پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او سی ایچ نیتاجی نے اس کارروائی کی تفصیلات جاری کیں۔



