جرائم و حادثات

پرنسپل روپا ریڈی قتل کیس میں اسکول کے طلبہ پر شبہ – تین نوجوان پولیس تحویل میں ؟

تلنگانہ کے نلگنڈہ ضلع کے کونڈاملے پلی میں ایک ہفتہ قبل اسکول پرنسپل روپاریڈی کے قتل واقعہ میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس واردات میں اسی اسکول کے سابق دسویں جماعت کے طلبہ ملوث ہیں۔

 

ذرائع کے مطابق ان میں سے دو کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے جبکہ ایک اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔ تاہم قتل کے پیچھے اصل محرکات اور کون لوگ ہیں، یہ بات ابھی پوری طرح سامنے نہیں آئی ہے۔

 

علاقے کے عوام میں یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ جن طلبہ نے اسی استاد سے تعلیم حاصل کی، آخر انہیں اپنے ٹیچر کو قتل کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ پولیس اس پہلو سے بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ کہیں طلبہ کے پیچھے کسی بڑے شخص کا ہاتھ تو نہیں۔

 

اس ماہ کی 11 تاریخ کو پیش آئے قتل کا کیس ابھی تک حل نہ ہونے پر جے بی کالونی کے رہائشی خوف و تشویش میں مبتلا ہیں۔ ضلع ایس پی کی ہدایت پر ڈی ایس پی سرینواس راؤ کی قیادت میں تین خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر تحقیقات تیز کردی گئی ہیں۔

 

ملزمین کی تلاش کے دوران پولیس نے بری عادتوں کے شکار بعض طلبہ کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی، جس کے بعد تین افراد پر مضبوط شبہ ظاہر کیا گیا۔

 

قابلِ اعتماد ذرائع کے مطابق منگل کو ابراہیم پٹنم کے قریب تین افراد کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس نے اب تک 100 سے زائد افراد سے پوچھ تاچھ کی ہے اور کونڈاملے پلی منڈل کے مختلف دیہات سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے ممکنہ طور پر ملوث ہونے کے بارے میں بھی تحقیقات جاری ہیں۔

 

شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ روپاریڈی کے قتل کے بعد ملزمین نے تقریباً 4 لاکھ سے 6 لاکھ روپے تک کی رقم بھی چوری کی۔ ذرائع کے مطابق پولیس اس کیس کی مکمل تفصیلات بہت جلد ظاہر کرسکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button