ٹیچر کے ساتھ ویڈیو کالنگ کے دوران نویں جماعت کی طالبہ کی خودکشی۔ حیدرآباد میں واقعہ

حیدرآباد: کوکٹ پلی پولیس اسٹیشن کے حدود میں نویں جماعت میں پڑھنے والی ایک 14 سالہ طالبہ نے گھر میں پھانسی لے کر خودکشی کر لی۔
پولیس نے اس واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔پولیس اور ارکان خاندان کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق موسیٰ پیٹ کے ‘ایس ایم ماڈل اسکول’ میں نویں جماعت میں پڑھنے والی اس طالبہ نے جمعرات کے روز اپنے گھر میں یہ انتہائی اقدام کیا۔
ابتدائی معلومات سے پتہ چلا ہے کہ واقعے کے وقت طالبہ اپنے اسکول کے ریاضی کے ٹیچر نریش کے ساتھ ویڈیو کال پر تھی۔ابتدائی تحقیقات کے دوران پولیس کو معلوم ہوا ہے کہ طالبہ گزشتہ کچھ عرصے سے اپنے ٹیچر کے ساتھ واٹس ایپ پر چیاٹنگ کر رہی تھی
جمعرات کو اس نے انسٹاگرام پر ایک نیا اکاؤنٹ کھولا اور وہاں سے بھی پیغامات بھیجے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ویڈیو کال کے دوران جب طالبہ خودکشی کی کوشش کر رہی تھی تو ٹیچر نے اس کے گھر والوں کو اطلاع دی۔ جب گھر والے کمرے میں داخل ہوئے تو انہوں نے طالبہ کو پھانسی پر لٹکا ہوا پایا۔
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے۔ طالبہ کا موبائل فون قبضے میں لے کر جب اس کی جانچ کی گئی تو اس میں ٹیچر کے ساتھ چیاٹنگ کے شواہد مل، تاہم واٹس ایپ چیٹ پر سیکیورٹی پاس ورڈ ہونے کی وجہ سے ڈیجیٹل شواہد کا گہرائی سے تجزیہ کیا جا رہا ہے۔
دوسری طرف، طالبہ کے ارکان نے الزام لگایا ہے کہ ان کی بیٹی کی خودکشی کی وجہ اس کے ٹیچر کے ساتھ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کوکٹ پلی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے جس کی بنیاد پر پولیس نے ٹیچر نریش کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ طالبہ کی خودکشی کی اصل وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تمام زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں۔



