بیٹی کا قتل کرکے ماں نے جان دے دی۔ بنگلور میں دل دہلا دینے والا واقعہ

بنگلور: کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔ ایک خاتون نے اپنی 14 سالہ بیٹی کا گلا گھونٹ کر قتل کر دیا اور اس کے بعد خود بھی خودکشی کر لی۔
آج صبح جب ماں اور بیٹی گھر سے باہر نہیں نکلیں تو مقامی لوگوں کو شک ہوا اور انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس کے آنے پر دونوں کی نعشیں گھر میں پائی گئیں۔پولیس کے مطابق بنگلورو کے وائٹ فیلڈ علاقے میں رہنے والی 45 سالہ خاتون سُوَرنہ نے اپنی 14 سالہ بیٹی تارونیا کو گھر میں ہی گلا گھونٹ کر قتل کیا۔
اس کے بعد اس نے خود پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔ واقعے کے وقت اس کا شوہر چندرشیکھر گھر پر موجود نہیں تھا وہ ایک خانگی اسپتال میں کمپاؤنڈر کے طور پر کام کر رہا تھا۔پولیس نے اس معاملے میں دو الگ الگ مقدمات درج کیے ہیں۔ ایک مقدمہ بیٹی کے قتل کے حوالے سے اس کے باپ چندرشیکھر کی شکایت پر درج کیا گیا
جبکہ دوسرا مقدمہ سُوَرنہ کی موت کے بارے میں اس کے بھائی کی شکایت پر درج ہوا۔ پولیس ان شکایات کی بنیاد پر تفتیش کر رہی ہے اور دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ابتدائی تفتیش میں پولیس کا ماننا ہے کہ سُوَرنہ نے پہلے اپنی بیٹی کو قتل کیا اور پھر خودکشی کی۔
ارکان خاندان کے مطابق وہ کچھ عرصے سے ذہنی مسائل کا شکار تھی اور اپنی بیٹی کے بارے میں اکثر پریشان رہتی تھی۔پولیس اس واقعہ کی مختلف زاویوں سے تحقیقات کررہی ہے۔



