رقم ڈپازٹ کرنے کے لئے بینک آنے والے شخص کی فارم بھرنے کے دوران ہارٹ اٹیک سے موت – حیدرآباد میں افسوسناک واقعہ
حیدرآباد کے حبشی گوڈہ علاقے میں ایک دل دہلا دینے والا اور افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں رقم ڈپازٹ کرنے کے لیے بینک آنے والا ایک ریٹائرڈ ملازم اچانک موت کی آغوش میں چلا گیا۔
ناچارم کے رہائشی لکشمن نارائن نقد رقم جمع کرانے کے لیے پنجاب نیشنل بینک پہنچے تھے۔ وہ اطمینان سے ڈپازٹ فارم بھر رہے تھے کہ اسی دوران اچانک انہیں دل کا شدید دورہ پڑا اور وہ کرسی سے بے جان ہو کر گر پڑے۔ چند لمحوں میں خوشگوار لمحے ایک قیامت خیز منظر میں بدل گئے۔
بینک میں موجود افراد اور عملے نے فوری طور پر انہیں بچانے کی کوشش کرتے ہوئے قریبی اسپتال منتقل کیا، مگر تقدیر کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد بتایا کہ وہ ہاسپٹل پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ چکے تھے۔
یہ دلخراش منظر بینک میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں بھی محفوظ ہو گیا، جو اس اچانک اور خاموشی سے آنے والی موت کی گواہی دے رہا ہے۔



