جرائم و حادثات

حیدرآباد میں نوجوان کے ہاتھوں خاتون کا قتل۔ ساتھ رہنے سے انکار پر انتہائی اقدام

حیدرآباد: شہر کے کوکٹ پلی علاقے کے موتی نگر میں دو روز قبل چاقو سے حملے میں زخمی ہونے والی 25 سالہ خاتون انجلی کی پیر کو دورانِ علاج موت ہوگئی۔ پولیس کے مطابق اشون نامی نوجوان نے مبینہ طور پر انجلی پر چاقو سے حملہ کیا تھا۔

 

حملے کے دوران انجلی کی بہن اشونی بھی اسے بچانے کی کوشش میں زخمی ہوگئی۔پولیس کے مطابق ملزم 25 سالہ اشونکرناٹک کے بیدر کا رہنے والا ہے اور آٹو ڈرائیور بتایا گیا ہے، وہ انجلی کے شوہر کا دوست ہے۔ انجلی کا شوہر گزشتہ دو سال سے ایک فوجداری مقدمے میں جیل میں محروس ہے۔بتایا جاتا ہے کہ بیدر میں اپنے آبائی گاؤں میں قیام کے دوران انجلی کی اشون سے قربت ہوگئی تھی۔

 

اشون اس پر اپنے ساتھ رہنے کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا،تاہم انجلی نے اس کی تجویز مسترد کرتے ہوئے اسے کسی دوسری خاتون سے شادی کرنے کا مشورہ دیا۔ انجلی کے انکار کے باوجود اشون مبینہ طور پر اس کا پیچھا کرتا رہا اور اسے تلاش کرتے ہوئے حیدرآباد پہنچ گیا۔ اس وقت انجلی موتی نگر میں اپنی بہن اشونی کے گھر رہ رہی تھی۔

 

پولیس کے مطابق 10 اکتوبر کو اشون مبینہ طور پر چاقو لے کر انجلی کے گھر پہنچا اور اس کے پیٹ میں وار کردیا۔ اشونی نے اسے روکنے کی کوشش کی تو ملزم نے اس پر بھی حملہ کیا،جس سے اس کے دائیں ہاتھ پر چوٹ آئی۔اشونی نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 112 پر پولیس کو اطلاع دی۔

 

پولیس نے دونوں زخمی خواتین کو ہاسپٹل منتقل کیا جہاں پیر کو انجلی کی موت ہوگئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button