ایجوکیشن

طلبہ سائبرکرائم اور ڈرگس کی لعنت سے چوکس رہیں

دبیرپورہ پولیس کی جانب سے ڈان اسکول میں بیداری پروگرام

حیدرآباد۔ 21 مارچ (پریس نوٹ) دبیرپور پولیس اسٹیشن کی جانب سے ڈان ہائی اسکول میں طلبہ کے فائدے کے لئے سائبرکرائم، ڈرگس کی لعنت اور دیگر جرائم کے بارے میں ایک بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر دبیرپورہ پولیس اسٹیشن کے ارکان عملہ نے طلبہ کے ساتھ رابطہ اجلاس میں بتایا کہ آج کل سائبرکرائم کے واقعات میں کافی اضافہ ہوا ہے اور اسمارٹ فون استعمال کرتے ہوئے انتہائی چوکسی کی ضرورت ہے۔ انھوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اسمارٹ فونس پر نامعلوم افراد کی جانب سے موصول ہونے والے پیامات کے لنک پر کلک نہ کریں۔

انھوں نے کہا کہ اس طرح کے لنک روانہ کرتے ہوئے مجرمین او ٹی پی (OTP) دریافت کر رہے ہیں اور اس کے ذریعہ وہ لوگوں کے بینک کھاتوں سے رقومات لوٹ رہے ہیں۔ یہ بھی کہا گیا کہ آج کل ایس ایم ایس کے علاوہ واٹس ایپ ویڈیوز کے ذریعہ بھی اس طرح کی دھوکہ دہی کی جا رہی ہے۔ دبیرپورہ پولیس اسٹیشن سے اس بیداری پروگرام میں سب انسپکٹر کے سدھاکر ریڈی، اسسٹنٹ سب انسپکٹر پی ستیہ نارائنہ، پولیس کانسٹبل جی شراون کمار، ٹی ومشی کرشنا، محمد حبیب، ویمن پولیس کانسٹبل اے پونی اور ڈی مونیکا نے حصہ لیا۔ انھوں نے اپنے پریزنٹیشن میں طلبہ کو ڈرگس کی لعنت میں پڑنے کے خلاف خبردار کیا اور کہا کہ ان دنوں کئی ٹولیاں سرگرم ہیں جو نوجوانوں کو ڈرگس کی لت کاشکار بنا رہی ہیں۔ پولیس عہدہ داروں نے طلبہ سے کہا کہ وہ اپنی تعلیم پر توجہ دیں اور بحث و تکرار اور لڑائی جھگڑے نہ پڑیں۔ انھوں نے گینگس بنانے کے خلاف بھی متنبہ کیا اور کہا کہ ایک مرتبہ پولیس کا چکر شروع ہونے پر ان کا مستقبل داؤ پر لگ سکتا ہے اور ان کے پاسپورٹ بننے اور ملازمتیں حاصل کرنے میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں کیونکہ ایسے مقاصد کے لئے پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ ناگزیر ہوتا ہے۔

اس موقع پر طلبہ کو مشورہ دیا گیا کہ وہ اس بیداری کیمپ میں حاصل ہونے والی معلومات سے اپنے والدین اور دوسروں کو بھی آگاہ کریں اور سائبرکرائم، ڈرگس، بچہ مزدوری، کم عمری میں شادی اور دوسرے جرائم کے بارے میں معلوم ہونے پر 100 یا 1930 جیسے ہیلپ لائن نمبرس پر رابطہ کرتے ہوئے پولیس سے مدد طلب لیں۔ سینئر ایڈوکیٹ محی الدین محمود نے پولیس ملازمین کو تہنیتی تحفے پیش کئے۔ صدرنشین ڈان گروپ آف انسٹی ٹیوشنس فضل الرحمن خرم نے بیداری پروگرام کے لئے اسکول کے انتخاب پر دبیرپورہ پولیس کا شکریہ ادا کیا۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button