کرکٹ کے شائیقن کے لئے خوشخبری – آئی پی ایل کے اگلے تین سیزن کی تواریخ کا اعلان !
نئی دہلی _ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے 18ویں سیزن کا بے صبری سے انتظار کرنے والے شائقین کے لیے خوشخبری ہے۔ اگلے تین آئی پی ایل سیزن کی تاریخوں کا ایک ساتھ اعلان کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے بی سی سی آئی کی معلومات پر مبنی خبریں قومی میڈیا میں گردش کر رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق، آئی پی ایل 2025 کا آغاز 14 مارچ سے ہوگا اور 25 مئی کو ختم ہوگا۔ آئی پی ایل 2026 کا آغاز 15 مارچ سے ہوگا اور 31 مئی کو ختم ہوگا، جبکہ آئی پی ایل 2027 کا آغاز 14 مارچ سے ہوگا اور 30 مئی کو اختتام پذیر ہوگا۔
بی سی سی آئی نے ان تاریخوں کے بارے میں آئی پی ایل فرنچائزز کو مطلع کر دیا ہے، لیکن ابھی تک اس پر بی سی سی آئی کی جانب سے کوئی سرکاری اعلان نہیں ہوا۔
آئی پی ایل 2025 کے آغاز سے پہلے 24 اور 25 نومبر کو سعودی عرب کے شہر جدہ میں میگا نیلامی ہوگی۔ اس نیلامی میں نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ سینئر کھلاڑی بھی حصہ لیں گے۔ اس بار نیلامی میں مجموعی طور پر 574 کھلاڑی شامل ہیں،
جن میں 318 انڈین غیر تجربہ کار کھلاڑی اور 12 غیر ملکی غیر تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں۔ شارٹ لسٹ کیے گئے کھلاڑیوں میں 366 بھارتی اور 208 غیر ملکی کھلاڑی ہیں۔
فرنچائزز نیلامی میں 204 کھلاڑیوں کو منتخب کریں گی، جن میں 70 غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا جائے گا۔ یہ نیلامی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اہم ثابت ہوگی۔