ایجوکیشن

اقبال اکیڈمی جدہ میں عالمی یومِ اردو اور یومِ اقبال 2025 کی شاندار تقریب

ریاض (راست)

اقبال اکیڈمی جدہ کے زیرِ اہتمام امپیریئم آڈیٹوریم میں عالمی یومِ اردو اور یومِ اقبال 2025 کی شاندار اور پُروقار تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس تقریب میں جدہ کے مختلف انٹرنیشنل اسکولز کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی اور اردو زبان و علامہ اقبالؒ کی فکری عظمت کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

 

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ حکیم اور کلامِ اقبال کی پُرجوش پیشکش کے ساتھ ہوا، جس کے بعد طلبہ نے اردو اور انگریزی زبانوں میں تعلیم، اخلاق، سماجی ہم آہنگی، عشقِ رسولؐ اور اقبال کے افکار پر پراثر تقاریر پیش کیں۔ بیت بازی (اقبالیات) کے دلچسپ مقابلے نے محفل میں جوش و ولولہ پیدا کیا، اور طلبہ کی حاضر جوابی، روانیِ کلام اور برجستہ ادائیگی نے حاضرین کو دل سے محظوظ کیا۔

 

مہمانِ خصوصی اور صدارتی خطاب میں اقبال کی فکر، خودی، کردار سازی اور اردو زبان کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی، جبکہ فنی پروگرام ’’شکوہ جوابِ شکوہ‘‘ نے محفل کا حسن دوبالا کیا۔

 

محفل کے اختتام پر طلبہ، مقررین اور معاونین کو یادگاری شیلڈز، اسناد اور تحائف پیش کیے گئے۔ والدین، اساتذہ اور حاضرین نے طلبہ کی محنت اور اکیڈمی کی کاوشوں کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرام باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں گے۔

یہ تقریب اردو زبان سے محبت، اقبالی فکر سے وابستگی اور علمی و تہذیبی اقدار کے فروغ کا روشن مظہر ثابت ہوئی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button