ہیلت

دہلی میں سوائن فلو کے کیسس میں اضافہ۔ احتیاط کی ہدایت، حکومت نے جاری کی ایڈوائزری

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں ’ایچ 1 این 1‘ یعنی سوائن فلو کے معاملات تیزی سے بڑھ رہے ہیں، جس سے تشویش پیدا ہو گئی ہے۔ اس دوران دہلی حکومت نے صحت سے متعلق ایڈوائزری جاری کی ہے۔

 

حکومت نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سانس سے متعلق صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں، پرہجوم مقامات پر جانے سے گریز کریں اور علامت ظاہر ہونے پر بروقت ڈاکٹر سے مشورہ لیں۔ اس سال دہلی میں انفلوئنزا- اے کے 2300 سے زیادہ معاملات سامنے آئے ہیں

 

جن میں جمعہ تک ’ایچ 1 این 1‘ کے 1777 سے زائد معاملات شامل ہیں۔محکمہ صحت کے مطابق صرف جمعرات کے روز ’ایچ 1 این 1‘ کے 114 معاملے سامنے آئے۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ سوائن فلو کے معاملے کتنی تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ صحت سے متعلق ایڈوائزری میں لوگوں سے احتیاط برتنے کو کہا گیا ہے۔

 

لوگوں سے کہا گیا ہے کہ کھانستے یا چھینکنے کے وقت اپنا منہ اور ناک کو ڈھانپیں، ہاتھوں کو صابن اور پانی سے باقاعدگی سے دھوئیں اور بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر ماسک پہنیں۔ اس کے ساتھ ہی سانس سے متعلق بیماری میں مبتلا افراد سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

 

وہیں لوگوں کو آنکھوں اور ناک کو چھونے سے گریز کرنے، عوامی مقامات پر نہ تھوکنے اور مناسب مقدار میں سیال اشیا استعمال کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اگر بخار، کھانسی، گلے میں خراش، سانس لینے میں دشواری، جسم میں درد یا سر درد جیسی کوئی بھی علامات ظاہر ہو تو ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔

 

محکمہ صحت نے ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر دوا لینے سے گریز کرنے کو کہا ہے۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ دہلی انفلوئنزا کے بڑھتے ہوئے معاملے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ اسپتالوں میں مناسب تعداد میں بستر، ڈاکٹر، ادویات اور ضروری طبی آلات دستیاب ہیں۔ محکمے نے بتایا کہ 35 اسپتالوں کو خصوصی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔

 

دہلی میں واقع آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) اور نیشنل سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول یعنی (این سی ڈی سی) میں 2 ریفرل لیبارٹریاں بھی مقرر کی گئی ہیں۔محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ جمعرات کے روز انفلوئنزا کے 159 معاملے سامنے آئے۔

 

ان میں 155 معاملات انفلوئنزا- اے کے تھے، جن میں 114 ’ایچ 1 این 1‘، دو اییچ1، ایک ایچ3 اور انفلوئنزا- اے کے 38 دیگر معاملے شامل تھے۔ اس کے علاوہ انفلوئنزا- بی کے بھی 4 معاملے سامنے آئے۔ جمعہ تک اس سال دہلی میں انفلوئنزا کے کل 2602 معاملے سامنے آ چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button