چارمینار یونانی ہسپتال کی حالتِ زار۔ ایم پی جے ویمنش ونگ کا دورہ، سہولیات کی شدید کمی

حیدرآباد: مومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس (ایم پی جے) کے ویمنس ونگ کے ارکان عرشیہ جبین’ میمونہ’ سعدیہ و حمیرا نے آج چارمینار یونانی ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس دوران ہسپتال کی عمارت اور بنیادی سہولیات کی صورتِ حال ابتر پائی گئی۔
وفد کے مطابق ہسپتال کے کئی وارڈوں میں پنکھے کام نہیں کر رہے ہیں جس کے باعث مریض گرمی اور مچھروں کے کاٹنے سے پریشان ہیں۔ مچھروں کی بہتات کی وجہ سے مریضوں کو رات کے وقت آرام کرنا بھی دشوار ہو گیا ہے۔
ارکان نے مزید بتایا کہ جس وارڈ میں مریض داخل ہیں وہاں وینٹی لیٹرز کے قریب مکڑی کے بڑے بڑے جالے لگے ہوئے پائے گئے جو صفائی کے ناقص انتظامات کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ایسے ماحول میں مریضوں کی صحت کو مزید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
ایم پی جے ویمنس ونگ نے حکومت اور محکمۂ صحت کے ذمہ داروں سے مطالبہ کیا کہ ہسپتال کی حالت فوری طور پر بہتر بنائی جائے خراب پنکھوں کی مرمت یا تبدیلی کی جائے صفائی اور مچھروں کے تدارک کے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور مریضوں کو بنیادی سہولیات مہیا کی جائیں۔
ویمنس ونگ نے واضح کیا کہ غریب اور متوسط طبقے کے مریض بڑی امیدوں کے ساتھ سرکاری ہسپتالوں کا رخ کرتے ہیں، لہٰذا ان کے علاج و معالجہ کے لیے صاف ستھرا اور صحت بخش ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔



