9کروڑ روپے کی دوا صرف ڈھائی لاکھ روپے میں دستیاب – حیدرآباد کی ڈاکٹر شیورنجنی سنتوش کی کوششوں سے سات معصوم بچوں کو نئی زندگی کی امید

حیدرآباد: نایاب جینیاتی بیماری سے متاثرہ سات کمسن بچوں کے لئے حیدرآباد کی ڈاکٹر شیورنجنی سنتوش نے امید کی نئی کرن روشن کردی ہے۔ انہوں نے ایسی دوا کی قیمت میں غیر معمولی کمی لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے جس کے حصول کے لئے پہلے ایک بچے پر سالانہ تقریباً 9 کروڑ روپے خرچ کرنے پڑتے تھے، لیکن اب یہی دوا صرف ڈھائی لاکھ روپے میں دستیاب ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ ساتوں بچے اے ایچ ڈی ایس (AHDS) نامی نایاب جینیاتی بیماری میں مبتلا ہیں۔ اس بیماری کے علاج کے لئے استعمال ہونے والی دوا ٹائراٹرکول (Tiratricol) کی قیمت انتہائی زیادہ ہونے کے باعث متاثرہ بچوں کے خاندانوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
اس دوا کو نیدرلینڈز کی ٹرانسوال فارمیسی نے خصوصی طور پر تیار کیا ہے، جبکہ اس کوشش میں نیدرلینڈز کی فارماسیوٹیکل اکاؤنٹیبلٹی فاؤنڈیشن اور ہندوستان کی تنظیم ایکسس ٹو میڈیسنز انڈیا نے بھی تعاون کیا۔ اس طرح فی بچہ سالانہ علاج کا خرچ تقریباً ڈھائی لاکھ روپے تک محدود ہوگیا۔
اس مہم کا آغاز اس وقت ہوا جب ڈاکٹر شیورنجنی کے زیر علاج ایک کمسن بچے آرو کو اس بیماری کی تشخیص ہوئی۔ اس کے خاندان کو جرمنی سے صرف ایک ماہ کی دوا منگوانے کے لیے تقریباً 12 سے 13 لاکھ روپے خرچ کرنے پڑے تھے۔ اس صورتحال کے بعد ڈاکٹر نے دوا کو سستے داموں دستیاب کرانے کے لیے کوششیں شروع کیں اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھی مدد کی اپیل کی۔
ان کی کوششوں کے نتیجے میں ملک کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے سات متاثرہ بچوں کی نشاندہی ہوئی۔ ان بچوں میں تلنگانہ، آندھرا پردیش، تمل ناڈو اور جھارکھنڈ کے بچے شامل ہیں۔
اس مہم کے تحت ساتوں بچوں کو ایک سال تک درکار دوا مفت فراہم کی جائے گی۔ اس کے لئے مجموعی طور پر تقریباً 15 لاکھ روپے کا انتظام کیا گیا ہے، جس میں ڈاکٹر شیورنجنی نے ہندوستان میں عطیہ دہندگان کے تعاون سے تقریباً 6 لاکھ روپے جمع کئے، جبکہ بقیہ رقم نیدرلینڈز کی تنظیم نے فراہم کرنے کی ذمہ داری لی ہے۔
دوا کی پہلی کھیپ 30 نومبر کو حیدرآباد میں دو بچوں کے والدین کے حوالے کی جائے گی، جبکہ دیگر پانچ بچوں کے خاندانوں کو بنگلورو میں دوا فراہم کی جائے گی۔
ڈاکٹر شیورنجنی کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے دوا درآمد کرنا مستقل حل نہیں ہے۔ وہ مرکزی حکومت سے رجوع کرتے ہوئے ہندوستان ہی میں اس دوا کی تیاری کا راستہ تلاش کرنا چاہتی ہیں تاکہ مستقبل میں اس نایاب بیماری سے متاثرہ مزید بچوں کو بھی کم قیمت پر علاج کی سہولت حاصل ہوسکے۔
واضح رہے کہ ایلن ہرنڈن ڈڈلی سنڈروم (AHDS) ایک انتہائی نایاب جینیاتی بیماری ہے، جس میں تھائیرائڈ ہارمون دماغی خلیات تک مناسب طور پر نہیں پہنچ پاتا۔ اس کے نتیجے میں بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما متاثر ہوتی ہے اور پٹھوں میں شدید کمزوری پیدا ہوسکتی ہے۔ ٹائراٹرکول دوا اس بیماری کی علامات کو قابو میں رکھنے میں مدد دیتی ہے، تاہم یہ بیماری کا مکمل علاج نہیں ہے۔




