ویتنام میں سیاحتی کشتی الٹنے سے 15 ہندوستانی سیاح ہلاک، تلنگانہ اور اے پی کے افراد بھی شامل
ویتنام کے مشہور سیاحتی مقام فو کووک جزیرے کے قریب ہفتہ کو ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں ہندوستانی سیاحوں کو لے جانے والی ایک اسپیڈ بوٹ سمندر میں الٹ گئی۔ مقامی حکام کے مطابق حادثے میں 15 ہندوستانی سیاح ہلاک ہوگئے، جبکہ امدادی کارروائیاں اور تحقیقات جاری ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں آندھرا پردیش اور تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے سیاح بھی شامل ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کڑپہ، مچھلی پٹنم اور کاکیناڈا کے چند افراد کی موت کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ آندھرا پردیش کے مزید چند سیاح لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایک معروف موبائل فون کمپنی نے اپنے ڈسٹری بیوٹرز کے لئے ویتنام کا تفریحی دورہ منعقد کیا تھا، جس میں تقریباً 250 ہندوستانی افراد شریک تھے۔ ان میں آندھرا پردیش کے 35 اور تلنگانہ کے 45 افراد شامل تھے۔
مقامی میڈیا کے مطابق حادثے کے وقت سمندر میں لہریں کافی بلند تھیں، جس کے باعث کشتی الٹ گئی۔ ریسکیو ٹیموں نے کئی افراد کو بچا کر اسپتال منتقل کیا ہے، جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔ حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے مقامی پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
دوسری جانب، ویتنام میں بھارتی سفارت خانے نے سوشل میڈیا کے ذریعے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے ہو چی منہ سٹی میں بھارتی قونصل خانے میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جبکہ ریسکیو آپریشن کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔



