لفٹ دینے والے کار مالک عمران پر چاقو سے حملہ، لوٹنے کی ناکام کوشش – تلنگانہ کے نلگنڈہ ضلع میں واقعہ
نلگنڈہ _ لفٹ دینے والے کار مالک پر چاقو سے حملہ کرتے ہوئے لوٹنے کی کوشش کا سنگین واقعہ تلنگانہ کے نلگنڈہ ضلع میں پیش آیا، جس سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔
تفصیلات کے مطابق نلگنڈہ ضلع مستقر سے ذاتی کام کے سلسلے میں اپنی کار میں حیدرآباد روانہ ہونے والے عمران نامی شخص نے راستے میں نارکٹ پلی کے قریب لفٹ مانگنے والے ایک نامعلوم شخص کو انسانیت کے ناطے کار میں بٹھا لیا۔
ذرائع کے مطابق جیسے ہی کار چٹیال کے قریب پہنچی، اسی دوران لفٹ لینے والے شخص نے اچانک عمران کی گردن اور جسم کے مختلف حصوں پر چاقو سے حملہ کر دیا اور اس کا موبائل فون اور نقد رقم چھیننے کی کوشش کی۔
اچانک حملے سے عمران شدید زخمی ہو گیا، تاہم اس نے ہمت دکھاتے ہوئے مزاحمت کی، جس کے باعث ملزم خوفزدہ ہو کر موقع واردات سے فرار ہو گیا۔
واقعہ کے بعد خون میں لت پت عمران کو دیکھ کر مقامی افراد فوری طور پر مدد کو پہنچے اور 108 ایمبولینس کے ذریعہ اسے قریبی ہاسپٹل منتقل کیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور واقعہ کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے
۔ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی بنیاد پر تفتیش کر رہی ہے، جبکہ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ کسی مشتبہ شخص کے بارے میں اطلاع ملنے پر فوری پولیس کو خبر دیں۔



