80 کروڑ کا بنگلہ، 10 کروڑ کی گھڑیاں، لگژری گاڑیوں کے شوقین ویراٹ کوہلی

ممبئی ۔ ویراٹ کوہلی نے 12 مئی کو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ انہوں نے یہ اطلاع انسٹاگرام پر دی۔ اپنے ایک پوسٹ میں کوہلی نے لکھا کہ بیگی بلیو جرسی پہن کر ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھے 14 سال ہو چکے ہیں۔ ایمانداری سے کہوں تو کبھی سوچا نہیں تھا کہ یہ فارمیٹ مجھے کہاں تک لے جائے گا۔ اس نے مجھے آزمایا، سنوارا اور زندگی بھر یاد رکھنے والے سبق دیے۔
کوہلی نے مزید لکھا سفید لباس میں کھیلنا ایک ذاتی تجربہ ہے۔ خاموش محنت، طویل دن، وہ چھوٹے چھوٹے لمحے جو کوئی نہیں دیکھتا مگر ہمیشہ دل میں رہتے ہیں۔ اس فارمیٹ کو چھوڑنا آسان نہیں، مگر یہ فیصلہ درست لگ رہا ہے۔ میں نے اس میں اپنی جان لگا دی، اور اس نے بدلے میں مجھے میری توقعات سے کہیں زیادہ دیا۔ کوہلی نے ان تمام افراد کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے اس سفر میں ان کا ساتھ دیا۔
ویراٹ کوہلی میدان میں جتنے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہیں، میدان سے باہر وہ اتنے ہی پرسکون نظر آتے ہیں۔ ان کے انداز اور شخصیت کو خوب سراہا جاتا ہے۔ اسٹاک گرو کے مطابق اس وقت ویرات کوہلی کی کل دولت تقریباً 1,050 کروڑ روپے ہے۔
ویراٹ کوہلی فیشن کے بھی شوقین ہیں۔ انہیں اکثر لُوئی وٹون لگژری بیگز کے ساتھ دیکھا جاتا ہے۔ ان کے پاس مہنگی گھڑیوں اور گاڑیوں کا ذخیرہ ہے۔ ان کا طرزِ زندگی کسی بادشاہ سے کم نہیں اگرچہ وہ اپنی اہلیہ انوشکا شرما کے ساتھ سادہ انداز میں بھی نظر آتے ہیں۔
کوہلی کے پاس کئی لگژری گاڑیاں ہیں۔ ان کی خاص کلیکشن میں دو آڈی R8 گاڑیاں شامل ہیں، جن میں ایک آڈی R8 LMX تقریباً 2.97 کروڑ اور دوسری آڈی R8 V10 پلس تقریباً 3 کروڑ روپے کی ہے۔ ان کے پاس 3 سے 4 کروڑ روپے مالیت کی بینٹلی کانٹینینٹل جی ٹی اور 3.41 کروڑ کی بینٹلی فلائنگ اسپَر بھی ہے۔ اس کے علاوہ وہ 2.11 کروڑ کی رینج روور کے بھی مالک ہیں۔
ویراٹ کوہلی کے پاس قیمتی گھڑیوں کا بھی خزانہ ہے۔ ان میں 87 لاکھ کی پیٹک فلپ روز گولڈ، 2 کروڑ کی پرپیچوئل کیلنڈر گرین، 1 کروڑ کی ییلو گولڈ رولیکس ڈیٹونا، اور 1.2 کروڑ کی آڈیمارس پیگیٹ شامل ہیں۔ سب سے مہنگی گھڑی 4.6 کروڑ کی رولیکس ڈیٹونا رینبو ہے۔
کوہلی نے دہلی اور ممبئی سمیت کئی مقامات پر ریئل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کی ہے۔ ان کے پاس مہنگی اور عالی شان جائیدادیں موجود ہیں۔ ممبئی کے ورلی علاقے میں ویراٹ کوہلی کا ایک شاندار سی-فیسنگ فلیٹ ہے، جس کی قیمت تقریباً 34 کروڑ روپے ہے۔ یہاں سے بحیرہ عرب کا خوبصورت نظارہ دکھائی دیتا ہے اور یہ جگہ شہر کی بھاگ دوڑ سے دور واقع ہے۔
ویراٹ کوہلی کا گروگرام میں ایک شاندار بنگلہ ہے جس کی قیمت 80 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ اس میں سوئمنگ پول، بار، قیمتی پینٹنگز اور فن پارے شامل ہیں جو اس عمارت کو مزید دلکش بناتے ہیں۔
کوہلی کا ممبئی کے علی باغ علاقے میں بھی ایک بڑا و عالیشان ہالیڈے ہوم ہے جس میں چار بیڈ رومز، ایک ویلنَس سینٹر اور سپا بھی شامل ہے۔