انٹر نیشنل

لندن میں ہندوستانی نوجوان کو 30 سال قید – 70 کم عمر لڑکیوں کے آن لائن جنسی استحصال کا سنگین انکشاف

ممبئی، 14 نومبر (اردو لیکس ڈیسک) برطانیہ کی عدالت نے ہندوستانی نوجوان بلال قاضی (27 سال) کو کم عمر لڑکیوں کا آن لائن جنسی استحصال کرنے اور انہیں بلیک میل کرنے کے جرم میں 30 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ بلال قاضی کا تعلق ممبئی، مہاراشٹرا سے ہے اور وہ برطانیہ میں کیمسٹری میں پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کررہا تھا۔

 

برطانوی پولیس کے مطابق ملزم سوشل میڈیا اور آن لائن گیمز کے پلیٹ فارمس پر خود کو 14 سالہ برطانوی لڑکا ظاہر کرتے ہوئے لڑکیوں سے دوستی کرتا تھا۔ اس نے اسنیپ چیٹ، روبلوکس اور وِنک جیسے پلیٹ فارمس کے ذریعے 10 سے 17 سال کی کم عمر لڑکیوں کو اپنے جال میں پھنسایا اور انہیں قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز بھیجنے پر مجبور کیا۔ انکار کرنے پر وہ تصاویر کو دوستوں اور دیگر افراد تک پہنچانے کی دھمکیاں دے کر بلیک میل کرتا تھا۔

 

تحقیقات کے دوران پولیس نے تقریباً 180 ممکنہ متاثرین کی نشاندہی کی، جن میں سے 70 لڑکیوں کی شناخت ہوئی۔ یہ لڑکیاں برطانیہ کے 28 پولیس علاقوں سے تعلق رکھتی ہیں۔ ملزم نے عدالت میں بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق 37 الزامات کا اعتراف کیا۔

 

چیسٹر کراؤن کورٹ نے 13 نومبر کو اسے 30 سال قید کے علاوہ مزید آٹھ سال توسیعی نگرانی میں رکھنے کی سزا سنائی۔ اسے کم از کم 20 سال قید کاٹنے کے بعد ہی پیرول کے لیے اہل ہونے کا موقع ملے گا۔ پولیس کے مطابق یہ معاملہ چیشائر پولیس کی آن لائن بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق سب سے بڑی تحقیقات میں سے ایک ہے۔

 

ملزم جولائی 2023 میں برطانیہ واپس آنے پر ہیتھرو ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس معاملے کی تحقیقات میں متعدد پولیس اداروں نے حصہ لیا۔ برطانوی حکام نے سوشل میڈیا کے ذریعے بچوں کو نشانہ بنانے والے جرائم کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button