انٹر نیشنل

رمضان میں ایک سے زیادہ عمرے کی اجازت نہیں: وزارت حج

ریاض ۔ کے این واصف 

ماہ رمضان میں زائرین کی تعداد پر کنٹرول کرنے کے لئے سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ ’رمضان کے دوران کسی شخص کو ایک سے زیادہ عمرے کی اجازت نہیں ہے۔ تمام لوگ صرف ایک بارعمرہ کریں۔ دوسروں کو بھی عمرہ کرنے کا موقع دیں۔‘

عکاظ اخبار کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے ایک بیان میں کہا کہ رمضان میں ایک مرتبہ عمرے کی پابندی سے دوسروں کو اطمینان اور آسانی کے ساتھ عمرے کا موقع مل سکے گا۔‘ وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ ’جو لوگ عمرہ کرنا چاہتے ہوں وہ ’نسک ایپ‘ کے ذریعے پرمٹ جاری کرائیں اور وقت کی پابندی کریں۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’عمرے کی مقررہ تاریخ اور وقت میں ترمیم کی گنجائش سسٹم میں موجود نہیں ہے جو لوگ نسک ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ جاری کرائیں گے اگر وہ اس میں ترمیم کرنا چاہتے ہوں تو انہیں پرمٹ منسوخ کرنا ہوگا۔‘

’منسوخی کی کارروائی پرمٹ کا وقت شروع ہونے سے قبل ہی کرائی جا سکتی ہے۔ منسوخ کرنے کے بعد نیا پرمٹ جاری کرایا جائے۔‘ وزارت نے مزید کہا کہ ’اگر عمرہ پرمٹ منسوخ کرانے کے بعد نئے پرمٹ کے اجرا کے لیے وقت نہ ملے تو اس سے دلبرداشتہ نہ ہوں بلکہ کوشش جاری رکھیں۔‘

یہان اس بات کا تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ زائرین مکہ کی اکثریت کی خواہش رہتی ہے کہ وہ اپنی ایک وزٹ میں ایک سے عمرہ کریں۔ اس بات کی پروا کئے بغیر کہ ان کے اس عمل سے دیگر زائرین کو مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button