انٹر نیشنل

لبیک اللّٰہم لبیک کی صداؤں سے میدانِ عرفات گونج اٹھا – آج منگل کو حج کا اہم رکن وقوف عرفات ادا کیا جائے گا

جدہ : سعودی عرب میں آج منگل کو حج کا سب سے اہم اور عظیم رکن ’’وقوفِ عرفات‘‘ ادا کیا جارہا ہے، جہاں دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں عازمینِ حج میدانِ عرفات میں جمع ہوکر عبادت، دعا اور توبہ و استغفار میں مصروف ہیں۔ اسلامی تعلیمات کے مطابق وقوفِ عرفات کے بغیر حج مکمل نہیں ہوتا، اسی لیے اسے حج کا رکنِ اعظم قرار دیا جاتا ہے۔

 

حجاج کرام صبح سے ہی منیٰ سے بسوں اور مشاعر ٹرین کے ذریعے میدانِ عرفات پہنچنا شروع ہوگئے۔ سعودی حکومت کی جانب سے عازمین کی سہولت کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ سکیورٹی، طبی امداد، پانی، ٹھنڈک اور رہنمائی کے وسیع انتظامات بھی کیے گئے ہیں تاکہ شدید گرمی کے باوجود حجاج کو کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

 

میدانِ عرفات میں مسجد نمرہ سے خطبۂ حج دیا جائے گا،  شیخ علی حذیفی خطبۂ عرفات دیں گے۔جس کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں ایک ساتھ ادا کی جائیں گی۔ حجاج کرام پورا دن اللہ تعالیٰ کے حضور دعا، ذکر، تلاوتِ قرآن اور اپنے گناہوں کی معافی مانگنے میں گزاریں گے۔ دنیا بھر کے مسلمان بھی اس دن خصوصی عبادات، روزہ اور دعاؤں کا اہتمام کرتے ہیں۔

 

مزدلفہ میں حجاج کرام مغرب و عشا کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے اور رات وہیں گزاریں گے، کھلے آسمان تلے رات گزارنے کے بعد حاجی نما زفجر ادا کریں گے اور طلوع آفتاب کے ساتھ ہی منی میں اپنے خیموں کی طرف لوٹ جائیں گے

10 ذوالحجہ کو فجر کے بعد حجاج رمی کیلئے جمرات جائیں گے جہاں وہ بڑے شیطان کو7 کنکریاں ماریں گے، رمی کے بعد حجاج قربانی کریں گے، حلق کرائیں گے اور احرام کھول دیں گے۔

 

11 ذوالحج کو حجاج کرام تینوں شیطانوں چھوٹے ،درمیانے اور بڑے شیطان کو 7،7 کنکریاں ماریں گے، رمی جمرات کے بعد حجاج کرام طواف زیارت کیلئے خانہ کعبہ جائیں گے، 12 ذوالحج کو زوال آفتاب کے بعد پھر تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماری جائیں گی۔

 

سعودی حکام کے مطابق اس سال لاکھوں عازمین حج ادا کررہے ہیں، جن کیلئے مشاعر مقدسہ میں جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، ہیلتھ سروسز اور ٹرانسپورٹ کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ حج کے تمام مراحل محفوظ اور منظم انداز میں مکمل ہوں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button