تاج محل کی گنبد پر گنگا جل چڑھا کر زعفرانی پرچم لہرایا گیا۔ اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا کی رکن پکڑی گئی
نئی دہلی: ایک خاتون نے آگرہ کے تاج محل کے گنبد پر گنگا جل چڑھایا اور پھر زعفرانی رنگ کپڑا ہوا میں لہرایا۔ جب وہ بھگوا کپڑا لہرا رہی تھی تو وہاں موجود سیکورٹی حکام نے اسے پکڑ لیا اور پوچھ تاچھ کے لیے وہاں سے باہر لے گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کی شناخت اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا کی رکن میرا راٹھوڑ کے طورپر کی گئی ہے۔
اس کا دعویٰ ہے کہ وہ کاسگنج کے سوروں سے کانوڑ لے کر آئی ہے اور اسی گنگا جل کو انھوں نے تاج محل پر چڑھایا ہے۔ خاتون نے تاج محل کے اندر بھگوا رنگ کی چنری بھی لہرائی، اور جب وہ ایسا کر رہی تھی تو سی آئی ایس ایف کے جوانوں نے اسے گرفتار کر لیا۔ فی الحال خاتون سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق پیر کو تقریباً دوپہر 12 بجے تاج محل میں ایک خاتون کپڑوں میں چھپا کر کوئی کپڑا لے گئی اور اس نے اس بھگوا رنگ کے کپڑے کو تاج محل کے بڑے گنبد کے پاس جا کر لہرایا۔ اس کے بعد وہاں تعینات سی آئی ایس ایف کے جوانوں نے پکڑ لیا ۔
واضح رہے کہ اس خاتون نے 29 جولائی کو کچھ ایسا ہی کرنے کی کوشش کی تھی لیکن اس وقت وہ کامیاب نہیں ہو سکی تھی۔ اس سلسلے میں کئی نیوز پورٹل پر خبریں شائع بھی ہوئی تھیں۔ لیکن آج اسے تاج محل کے اندر بھگوا کپڑا لہراتے ہوئے دیکھا گیا۔