پڑوس بنگلہ دیش کیلئے ہندوستان کا ایکشن پلان۔ پڑوسی ملک میں 13 ہزار ہندوستانی موجود
نئی دہلی: بنگلہ دیش میں حکومت کا تختہ پلٹنے کے بعد پیدا شدہ صورتحال پر حکومت ہندکی جانب سے گہری نظر رکھی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے ایک ’ایکشن پلان‘ تیار کیا ہے
جس کے بارے میں آج کل جماعتی اجلاس طلب کرکے اپوزیشن کو مطلع کیا گیا۔ حکومت نے بتایا کہ بنگلہ دیش میں اس وقت تقریباً 13 ہزار ہندوستانی موجود ہیں، حالانکہ حالات اتنے خراب نہیں ہیں کہ ہندوستانی شہریوں کو بنگلہ دیش سے نکالنا پڑے۔مرکزی وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پرکل جماعتی اجلاس کی اطلاع دی ہے اور کچھ تصویریں بھی شیئر کی ہیں۔
ان تصویروں میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مرکزی وزیر خارجہ ایس جئے شنکر کے علاوہ، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور دیگر مرکزی وزراء و اپوزیشن لیڈران اجلاس میں شریک ہیں۔
حکومت کا ایکشن پلان کیا ہے اس کی تفصیلات کا انکشاف فوری طور پر نہیں کیا گیا۔