پٹاخوں سے بھرا تھیلہ پھٹ پڑا – بائیک سوار نوجوان ہلاک دیگر 6 زخمی

دیپاولی کے موقع پر اندھراپردیش کے ایلور شہر میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک شخص ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ شہر کے مشرقی محلے میں اس وقت پیش آیا، جب تین نوجوان ایک بائیک پر پٹاخوں سے بھرا تھیلہ لے کر جا رہے تھے کہ اچانک ایک شدید دھماکہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق، سدھاکر نامی نوجوان بائیک پر اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ پٹاخوں سے بھرا ایک تھیلہ لے کر جا رہے تھے۔ جیسے ہی وہ گنگااماں مندر کے قریب پہنچا، سڑک میں موجود ایک گڑھے کی وجہ سے اس کی بائیک کا توازن بگڑ گیا، جس سے تھیلہ نیچے گر گیا ۔ تھیلہ گرنے کے فوراً بعد دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں سدھاکر موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
اس دھماکے میں آس پاس موجود چھ افراد بھی زخمی ہوگئے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حادثے کے بعد فوری طور پر زخمیوں کو ایلور کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردی ہیں اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے کیس درج کر لیا ہے۔